’بالی ووڈ اسٹارز ڈرپوک اور خودغرض ہیں‘، دھرو راٹھی کی پریانکا چوپڑا پر تنقید

بدھ 18 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف بھارتی یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلیوئنسر دھرو راٹھی نے اداکارہ پریانکا چوپڑا کی آسکر 2026 میں فلسطین کے حق میں موقف نہ لینے پر شدید تنقید کی ہے۔

انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے دھرو راٹھی نے کہا کہ پریانکا چوپڑا کی شکل یہاں پر دیکھنے لائق تھی، آپ میں سے کچھ لوگ شاید پوچھیں گے کہ انہوں نے غلط کیا کیا؟ وہ وہاں پر خاموش رہیں، غیر جانبدار رہیں، سیاسی نہیں ہونا چاہتی تھیں لیکن یہی تو مسئلہ ہے۔ غیر جانبداری کی جو پوزیشن ہے وہ ایک پوزیشن آف پریویلیج ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Dhruv Rathee (@dhruvrathee)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کے گھر کے اوپر بم نہیں گرتے تو آپ غیر جانبدار ہو کر کہہ سکتے ہو کہ نہ میں جنگ کی حمایت کرتا ہوں نہ مخالف ہوں۔ میں غیر جانبدار ہوں۔ جیسے جغرافیائی طور پر دیکھا جائے تو اسرائیل-ایران جنگ میں نیوزی لینڈ اور آئس لینڈ جیسے ممالک کہہ سکتے ہیں کہ ہم غیر جانبدار ہیں کیونکہ ہم اتنے جغرافیائی طور پر دور ہیں کہ اس کا اثر ہم پر نہیں پڑ رہا لیکن انسانیت ان میں ہوتی ہے جو اس پوزیشن میں رہتے ہوئے بھی صحیح کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔

دھرو راٹھی نے اس موقع پر اسپین کی تعریف کی جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست کے باوجود ایران پر حملے کے لیے بیسز کے اشتراک سے انکار کر چکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے بالی ووڈ کے ستاروں کی خاموشی پر بھی تنقید کی۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا ملک چھوڑنے پر کیوں مجبور ہوئیں؟ بالی ووڈ پروڈیوسر کے انکشافات

یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ یہ بہت افسوسناک بات ہے کہ ہمارے زیادہ تر بالی ووڈ اسٹارز اتنے ڈرپوک یا خودغرض ہیں کہ ایک سادہ سا اخلاقی موقف لینے سے پہلے یہ سو بار سوچیں گے کہ ہمارے طاقتور روابط پر کیا اثر پڑے گا، ہماری فلموں پر کیا اثر ہوگا، ہمارے اسپانسرشپ اور آمدنی پر کیا اثر پڑے گا۔ اور پھر اپنی پی آر ٹیم سے بار بار مشورہ کر کے کوئی بیان جاری کریں گے۔

دھروو نے پریانکا کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ پریانکا چوپڑا تو یو این آئی سی ایف گڈ ول ایمبیسیڈر ہیں۔ اگر اتنی سادہ چیزوں پر موقف نہیں لے سکتیں تو پھر ایمبیسیڈر کس بات کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  ’ون بیٹل آفٹر اینادر‘ نے 6 ایوارڈز کے ساتھ آسکر میلہ لوٹ لیا

واضح رہے کہ فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ شو آسکرز 2026ء میں  ہسپانوی اداکار ہاویئر بارڈم نے جنگ کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے ’نو ٹو وار‘ اور ’فری فلسطین‘ کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا بھی ان کے ہمراہ اسٹیج پر موجود تھیں لیکن وہ مسکراتے ہوئے خاموش رہیں ان کے ردعمل پر صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp