فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے یورپ کو ادائیگی کے نظام میں خودمختاری حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالیاتی خود انحصاری کے لیے مقامی اور یورپی سطح کے متبادل نظام کی تشکیل ناگزیر ہے۔
فرانسیسی نشریاتی ادارے کے مطابق فرانسیسی کارڈ پیمنٹ سمٹ سے ویڈیو خطاب میں میکرون نے کہا کہ ادائیگی کے نظام کسی بھی ملک کی خودمختاری کا ایک بنیادی حصہ ہوتے ہیں، اس لیے یورپ کو اپنا آزاد اور خودمختار ماڈل تیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے یورپی ادائیگی کے منصوبے یورپین پے منٹس انیشی ایٹوز کے تحت تیار کیے جانے والے نظام ’ویرو‘ (Wero) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم افراد کے درمیان فوری لین دین کی سہولت فراہم کرتا ہے اور مستقبل میں اسے تجارتی سطح تک وسعت دی جائے گی۔
میکرون کے مطابق یہ نظام PayPal اور Visa جیسے عالمی پلیٹ فارمز کا متبادل بن سکتا ہے، جبکہ اس کے ذریعے مالیاتی ڈیٹا اور لین دین کو یورپ کے اندر ہی محفوظ رکھا جا سکے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ادائیگی کے نظام کا کنٹرول بیرونی اداروں کے پاس رہا تو اس کا مطلب ہوگا کہ مالیاتی سرگرمیوں کا بنیادی ڈھانچہ ایسے عناصر کے زیر اثر ہے جن کے مفادات یورپ سے ہم آہنگ نہیں بھی ہو سکتے۔
میکرون نے کہا کہ فرانس میں اس وقت 7 کروڑ 70 لاکھ سے زائد کارڈز زیر استعمال ہیں اور ملکی سطح پر ادائیگیوں میں مقامی نظام کا غلبہ ہے، تاہم امریکی نیٹ ورکس اور موبائل پیمنٹ سروسز سے مسابقت بڑھ رہی ہے۔
فرانسیسی صدر اس سے قبل بھی یورپی یونین کو امریکا سے زیادہ خودمختار پالیسی اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں، خصوصاً عالمی تنازعات اور معاشی معاملات میں۔














