پوری دنیا پاکستان کی ثالثی کی معترف، عمران خان نیتن یاہو اور مودی کی زبان بول رہے ہیں: عباد اللہ

بدھ 1 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ خان کا کہنا ہے کہ ایران امریکا جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو پوری دنیا سراہ رہی ہے تاہم عمران خان نیتن یاہو اور مودی کی زبان بول کر اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور نے سافٹ ویئر اپڈیٹ ہونے پر آپریشن کی حمایت کردی، اپوزیشن لیڈر کے پی ڈاکٹر عباداللہ

پشاور میں وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عباد اللہ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں، خطے کی موجودہ صورتحال اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ممکنہ احتجاج پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نیتن یاہو اور مودی کی زبان بول رہے ہیں۔

ڈاکٹر عباد اللہ کے مطابق تاریخ میں پہلی بار پاکستان نے سفارتی سطح پر ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور اس وقت پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں دوست ممالک کے وزرائے خارجہ اسلام آباد آئے جبکہ بین الاقوامی میڈیا کی توجہ بھی پاکستان پر رہی۔

اس سفارتی کامیابی کا کریڈٹ موجودہ حکومت، وزیراعظم شہباز شریف، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو دیتے ہوئے ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا کہ اگر ہم ماضی پر نظر ڈالیں تو اس نوعیت کا کردار پہلے کہیں دکھائی نہیں دیتا اور یہ پہلی بار ہے کہ پاکستان اس سطح پر اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا کے لوگوں کو تکلیف میں مبتلا کرنا کہاں کی عقلمندی ہے، ڈاکٹر عباد اللہ خان

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے تاہم اس کامیابی کی مخالفت بھی سامنے آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا ایک طرف پاکستان کے کردار کو تسلیم کر رہی ہے جبکہ 3 قوتیں یعنی نیتن یاہو، مودی اور عمران خان اینڈ کمپنی اس کامیابی کی مخالفت کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر عباد اللہ نے مزید کہا کہ یہ تینوں قوتیں ایک ہی مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں اور عالمی رائے کے برعکس بات کر رہی ہیں۔

پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پاکستان خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے احتجاجی سیاست کے لیے ممبر سازی مہم شروع کرنا افسوسناک ہے۔

مزید پڑھیں: تیراہ انخلا معاہدہ ڈپٹی کمشنر کے ذریعے کیا گیا، اب پی ٹی آئی حکومت سیاست کر رہی ہے، اپوزیشن لیڈر عباداللہ

ان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی خود کو احتجاجی سیاست کا چیمپیئن قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت خود عمران خان کی رہائی نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ ’قیادت کو خدشہ ہے کہ عمران خان کی رہائی کے بعد ان کے لیے مسائل پیدا ہوں گے اس لیے وہ خود نہیں چاہتے کہ وہ باہر آئیں۔

ڈاکٹر عباد اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مختلف صوبوں کے دورے کر رہے ہیں اور رجسٹریشن مہم کے نام پر وقت گزارا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ کچھ وزرا ارب پتی بن چکے ہیں اس لیے وہ نہیں چاہتے کہ عمران خان باہر آئیں‘۔

یہ بھی پڑھیے: تیراہ میں آپریشن جیسا حساس معاملہ وفاق پر ڈالنا گمراہ کن حکمت عملی ہے، اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے موجودہ عہدیداران کے درمیان باہمی مفاہمت موجود ہے اور وہ وقت گزار رہے ہیں جبکہ وہ نہیں چاہتے کہ عمران خان جیل سے رہا ہوکر باہر آجائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp