رواں ماہ مہنگائی 8 فیصد کے قریب رہنے کا امکان، وزارت خزانہ کی رپورٹ جاری

منگل 31 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارت خزانہ نے رواں ماہ مہنگائی کی شرح 7.5 سے 8.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق، مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں ترسیلات زر میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔

رپورٹ میں معیشت کے مختلف شعبوں کی کارکردگی اور آئندہ مہینے کے امکانات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں بڑھتی مہنگائی اور غربت کی شرح میں اضافہ، اعداد و شمار کیا کہتے ہیں؟

جولائی سے فروری کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقوم 10.5 فیصد اضافے کے ساتھ 26.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

دوسری جانب برآمدات کے شعبے میں کمی کا رجحان برقرار رہا۔ رپورٹ کے مطابق اسی عرصے میں ملکی برآمدات 5.4 فیصد کم ہو کر 20.7 ارب ڈالر رہیں۔

تاہم درآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 8.8 فیصد کم ہو کر 41.8 ارب ڈالر تک محدود رہیں۔

مزید پڑھیں: نیب میں کرپشن کیس شروع کرنے کی کم از کم رقم مہنگائی سے منسلک

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے، جو کم ہو کر صرف 70 کروڑ ڈالر رہ گیا۔

اس کے برعکس براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 33 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔

جس کے بعد اس کا حجم 1.19 ارب ڈالر رہا، جبکہ مجموعی بیرونی سرمایہ کاری صرف 70 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک محدود رہی۔

مزید پڑھیں: درآمدی لگژری اشیا پر بھاری ٹیکس کے باعث قیمتوں میں اضافہ، مارکیٹ میں نیا بحران آ رہا ہے؟

محصولات کے شعبے میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی۔

رپورٹ کے مطابق 8 ماہ کے دوران ٹیکس ریونیو میں گزشتہ سال کے مقابلے 10.6 فیصد اضافہ ہوا اور اس کا مجموعی حجم 8 ہزار 122 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

اسی طرح نان ٹیکس ریونیو بھی 7.4 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 41 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا فروری مالی خسارہ 64.7 ارب روپے رہا، جو حکومتی مالی نظم و ضبط کی عکاسی کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp