وزارت خزانہ پاکستان میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ریجنل ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر کی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے سائمن اینڈریوز کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور پاکستان میں آئی ایف سی کے بڑھتے کردار کو سراہا، خاص طور پر سرمایہ کاری، ٹریڈ فنانس اور مشاورتی معاونت کے شعبوں میں۔
مزید پڑھیں: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سینٹر فار گورنمنٹ ڈیٹا اینالیٹکس کا افتتاح کر دیا
آئی ایف سی وفد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں اس کا سالانہ سرمایہ کاری پورٹ فولیو 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے، جبکہ رواں سال تقریباً 2.7 ارب ڈالر کے منصوبے زیر غور ہیں۔ ان میں مالیاتی شعبے میں رسک شیئرنگ، گارنٹی سہولیات کے ذریعے ایس ایم ایز اور تجارت کو فروغ دینا، مقامی کرنسی میں فنانسنگ بڑھانا اور گرین بانڈز جیسے اقدامات شامل ہیں۔
ملاقات میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری، بالخصوص انفراسٹرکچر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔ توانائی، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں بڑے منصوبوں کے لیے بہتر منصوبہ بندی اور ہم آہنگی کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ فنانسنگ کے لیے کلائنٹ سینٹرک حکمت عملی اپنانا ضروری ہے، خصوصاً مقامی کرنسی میں قرضوں کے فروغ سے نہ صرف نجی شعبے کو سہارا ملے گا بلکہ زرِ مبادلہ کے دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔
اجلاس میں روزگار کے مواقع، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور انوویشن پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ وینچر کیپیٹل ایکو سسٹم کے قیام اور پالیسی سازی میں نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے کی تجاویز زیر غور آئیں۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگنے کی بات درست نہیں، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب
مزید برآں، وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ علاقائی معاشی روابط، زرعی کاروبار، انفراسٹرکچر اور تجارت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود حکومت کی جانب سے معاشی استحکام برقرار رکھنے، توانائی سپلائی مینجمنٹ، مالیاتی نظم و ضبط اور ہدفی سبسڈیز سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
فریقین نے پاکستان میں پائیدار اور جامع معاشی ترقی، اصلاحاتی ایجنڈے اور نجی شعبے کے فروغ کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔













