پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگزمین کو مسلسل تیسری شکست، ملتان سلطانز نے میچ جیت لیا

بدھ 1 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے آٹھویں میچ میں ملتان سلطانز نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سینچری کی بدولت حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے دیا گیا 226 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگزمین نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز اسکور کیے۔ ٹیم کی جانب سے اوپنر معاذ صداقت نے 26 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ پی ایس ایل میں واپسی کرنے والے شرجیل خان نے بھی 26 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔

دیگر بیٹرز میں صائم ایوب 27، عثمان خان 25، سعد علی 23 اور عرفان خان 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ملتان سلطانز کی طرف سے محمد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ایشٹن ٹرنر، پیٹر سیڈل اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں ملتان سلطانز نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان کی سینچری کی بدولت میچ اپنے نام کیا اور 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز، صاحبزادہ فرحان اور اسٹیو اسمتھ نے جارحانہ آغاز کیا، تاہم اسمتھ 46 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

صاحبزادہ فرحان نے ناقابل شکست 106 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے ساتھ شان مسعود نے 29 اور عرفات منہاس نے 26 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں حصہ ڈالا۔

حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے صائم ایوب نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش تھیکشنا اور حسان خان نے ایک ایک وکٹ لی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے ملتان سلطانز کے صاحبزادہ فرحان کو نوازا گیا۔

یہ میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا جہاں حیدرآباد کنگزمین فتح کی تلاش میں تھی جبکہ ملتان سلطانز ایونٹ کا آغاز کامیابی سے کر چکی تھی۔ یہ ملتان سلطانز کا دوسرا جبکہ حیدرآباد کنگزمین کا تیسرا میچ تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp