بلوچستان عوامی پارٹی کے مسلم لیگ (ن) میں انضمام کی افواہوں نے صوبے کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم، ق لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی کا دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے ایک سینیئر رہنما نے صحافیوں کے ایک وفد سے غیر رسمی گفتگو میں دعویٰ کیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ایک اہم رکن صوبائی اسمبلی نے حال ہی میں اسلام آباد جاکر ن لیگی رہنماؤں سے اپنی پارٹی کو ن لیگ میں ضم کرلینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو بلوچستان اسمبلی میں ن لیگ کی عددی برتری مزید مضبوط ہو سکتی ہے اور صوبے میں پارٹی کی سیاسی پوزیشن بھی مستحکم ہو جائے گی۔ تاہم اس حوالے سے بلوچستان عوامی پارٹی کے مذکورہ رکن اسمبلی سے کوششوں کے باوجود وی نیوز کا رابطہ نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی کے ایک سینیئر رہنما اور عہدیدار نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پارٹی کے کسی اہم فورم پر مسلم لیگ (ن) میں انضمام کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔
مزید پڑھیے: مسلم لیگ ن کا وزیر اعلیٰ بلوچستان سر فراز بگٹی کی سیاسی مشکلات میں ساتھ دینے کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی رہنما یا رکن اسمبلی نے اس حوالے سے کوئی بات کی ہے تو وہ ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے کیونکہ اتنا بڑا فیصلہ پارٹی کی اجتماعی مشاورت کے بغیر نہیں کیا جا سکتا۔
بعد ازاں صوبائی وزیر داخلہ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے بیان میں ان خبروں کی واضح تردید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے ن لیگ میں انضمام سے متعلق خبریں بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ایک منظم، فعال اور مضبوط سیاسی جماعت ہے جس کا اپنا واضح تشخص اور سیاسی وجود ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کا کوئی معاہدہ نہیں دیکھا، رہنما ن لیگ سلیم کھوسہ
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو ختم کرنے یا کسی دوسری جماعت میں ضم کرنے کے حوالے سے نہ کوئی فیصلہ کیا گیا ہے اور نہ ہی اس بارے میں کسی سطح پر کوئی مشاورت ہوئی ہے۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اپنے مرکزی صدر میر خالد مگسی اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی قیادت میں متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے اور وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی ایک اہم اتحادی جماعت ہے اور بطور اتحادی اپنا مؤثر کردار ادا کرتی آ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کا قیام صوبے کے مسائل کو مقامی سطح پر سمجھنے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے کے مقصد سے عمل میں لایا گیا تھا اور پارٹی اس وژن کے تحت صوبے کے عوام کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان کی اقتصادی ترقی مسلم لیگ ن کے وژن کا بنیادی ستون ہے، احسن اقبال
سیاسی مبصرین کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے ن لیگ میں ممکنہ انضمام کی افواہوں اور اس کے بعد سامنے آنے والی سخت تردید نے صوبے کی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچستان کی سیاسی صف بندیوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔













