بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں سڑک پر پیش آنے والے حادثات میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔
قلات کے علاقے رودینجو میں کوئٹہ سے کراچی جانے والی بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 10 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ بس کی تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری طرف سندھ کے شہر قمبر میں مسافر وین ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرانے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے، جن میں سے 2 خواتین بھی شامل تھیں۔ زخمیوں کو تعلقہ اسپتال شہداد کوٹ منتقل کیا گیا، جہاں 3 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: عیدالفطر کے دوران ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی ریکارڈ
اسی طرح سجاول سے شہداد کوٹ جانے والی مسافر وین ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے باعث 4 افراد جان بحق ہو گئے۔ پولیس نے حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری قرار دی ہے۔













