محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ چند روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، جبکہ مختلف شہروں میں بارش کے نئے ریکارڈ بھی قائم ہو گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور سرگودھا میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، لاہور، اوکاڑہ، قصور، لیہ اور بھکر میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان میں بارشوں کی تباہ کاریاں، 9 افراد جاں بحق، 150 گھر متاثر
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان اور مالاکنڈ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، خیبر، اورکزئی، صوابی اور چارسدہ میں بھی بارش متوقع ہے۔
ادھر کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں اپریل کے دوران بارش نے کئی دہائیوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر 38.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اپریل 1985 کا 37 ملی میٹر بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ موہن جودڑو میں بھی 60 ملی میٹر بارش کے ساتھ 31 سال پرانا ریکارڈ ختم ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا میں بارشوں سے تباہی، 26 افراد جاں بحق، بالائی علاقوں میں سیلاب اور گلیشیئر جھیل پھٹنے کا الرٹ جاری
اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اسسٹنٹ کمشنرز نشیبی علاقوں اور نالوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ موجودہ سلسلہ 5 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔














