وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کرنے کے موڈ میں ہے اور خدشہ ہے کہ وہ اپنے شہریوں یا زیرِ حراست پاکستانیوں کی لاشیں استعمال کر کے دہشتگردی کا ڈراما رچانے کی کوشش کرے گا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت رقبے، معیشت اور فوجی لحاظ سے پاکستان سے بڑا ملک ہے، تاہم ماضی میں خطے میں پیش آنے والے واقعات کی تاریخ مؤرخین ہی بہتر طور پر لکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: بھارت پاکستان کیخلاف پھر فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے، اس بار گھر میں گھس کر ماریں گے، وزیر دفاع خواجہ آصف
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی فضائیہ نے ماضی میں بھارت کے اندر کارروائی کر کے اسے مؤثر جواب دیا، اور اگر آئندہ بھی کوئی اشتعال انگیزی کی گئی تو پاکستان بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل دے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تیاری مکمل ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں ردعمل تیز، متوازن اور مؤثر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے: بازاروں کے کھلنے، بند ہونے کے اوقات قومی معیشت پر بوجھ بن گئے، خواجہ آصف
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور مذاکرات کے عمل میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے، خاص طور پر امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں میں پیش رفت اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، اس لیے اس پر فوری تبصرہ مناسب نہیں۔
انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن و مصالحت کے عمل میں کامیاب ہو اور اللہ تعالیٰ ملک کو اتحاد اور اتفاق کی توفیق دے۔













