مشرق وسطیٰ جنگ کی وجہ سے مشکلات، سیاسی قوتوں کو اختلافات بالائے طاق رکھ کر کام کرنا ہوگا، بلاول بھٹو

ہفتہ 4 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

 

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں، لیکن عوام جانتے ہیں کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں انہیں ریلیف دینے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ مشکل معاشی حالات میں تمام سیاسی قوتوں کو اختلافات بالائے طاق رکھ کر کام کرنا ہوگا۔

سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام وفاقی اور سندھ حکومت کی مشکلات سے آگاہ ہیں، ہماری کوشش ہے کہ وسائل کے اندر رہتے ہوئے عام آدمی کو ریلیف دیں۔

مزید پڑھیں: خطے کے کئی ممالک میں پیٹرول کی قلت، وزیراعظم نے عوام کو مشکلات سے بچانے کا عزم کر رکھا ہے، عطااللہ تارڑ

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی سطح کی مشاورت میں یہ تجویز دی ہے کہ وفاقی حکومت مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام کو ریلیف فراہم کرے اور غریب طبقے کو براہ راست سبسڈی دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا بوجھ عام آدمی برداشت نہیں کر سکتا، اس لیے متبادل ذرائع سے ریلیف پہنچایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مارچ سے شروع ہونے والی مہنگائی کی لہر نے عوام کی معاشی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کیا ہے، اس لیے مشکل معاشی حالات میں عوام کو تنہا نہ چھوڑا جائے بلکہ ان کے اخراجات اٹھائے جائیں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ سندھ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے کسانوں اور موٹرسائیکل سواروں کو سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہید بھٹو کے دیے گئے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے آج کوئی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے کہاکہ کچھ قوتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین رکھتی ہیں، لیکن پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قوم کو متحد کیا اور ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایٹمی قوت بننے کے بعد دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ اٹھانے کی جرات نہیں کر سکتا، لیبیا اور فلسطین جیسی جارحیت پاکستان پر نہ ہونے کی وجہ ہمارا ایٹمی پروگرام ہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی مستقبل میں بھی ملک کی ترقی اور دفاع میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ قائدِ عوام نے ایٹمی بنیاد رکھ کر ملک کو عالمی طاقتوں کے شر سے ہمیشہ کے لیے محفوظ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی تحفہ دینے پر ذوالفقار علی بھٹو کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم امہ کے عظیم ترین لیڈر تھے، لاہور میں او آئی سی کانفرنس کا انعقاد شہید بھٹو کی عالمی سفارتی بصیرت کا مظہر تھا۔

انہوں نے مزید کہاکہ آج مسلم ممالک کے مابین اتحاد کے لیے عالمی سطح پر ذوالفقار بھٹو جیسی قیادت ناگزیر ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ وہ پاکستانی حکومت سمیت ان تمام قوتوں کے لیے دعاگو ہیں جو مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کی کوششیں کررہی ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ قومی پالیسی کی تشکیل اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے باہمی اتحاد ناگزیر ہے، صدر مملکت اعلیٰ سطح کی مشاورت میں تمام صوبوں کے نمائندوں کی شرکت یقینی بنانے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

مزید پڑھیں: مشرق وسطیٰ میں جنگ کی وجہ سے پیٹرول مہنگا ہوا، حکومت کے خلاف احتجاج نہیں بنتا، رانا ثنااللہ

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی اجلاس میں شرکت اور مثبت سیاسی رویہ خوش آئند ہے، ملک کو درپیش سنگین چیلنجز کا مقابلہ تمام اکائیوں کے اشتراک سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ قومی یکجہتی اور سیاسی ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp