وزیراعظم نے کہاکہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر پوری قوم کو پیٹرول کی بچت اور کفایت شعاری مہم میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیرصدارت پیٹرولیم مصنوعات، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کے نفاذ سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی اور برآمدات سے متعلق اہم اجلاس، قابلِ تجدید توانائی پر زور
اجلاس کو خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر معاشی استحکام کے لیے کیے گئے کفایت شعاری فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
شرکا کو بتایا گیا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بازاروں اور شاپنگ مالز کو رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کا ایک حصہ پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کرتا ہے، جبکہ مارکیٹس کو رات 8 بجے بند کرنے اور دیگر اقدامات کا مقصد قیمتی زر مبادلہ کی بچت کے ساتھ ساتھ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ حکومت کے ساتھ بھی مارکیٹس اور شاپنگ مالز کو رات 8 بجے بند کرنے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔
مزید بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے تیل پر سبسڈی کے مستحق افراد کا ڈیٹا موصول ہونا شروع ہو گیا ہے، جس کی تصدیق کے بعد شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سبسڈی کی ادائیگی جاری ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ وزارت آئی ٹی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے 4 اپریل سے مال بردار گاڑیوں، بسوں اور ٹرکوں کو سبسڈی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھیں: عالمی توانائی بحران مہینوں تک جاری رہ سکتا ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا انتباہ
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا ڈاکٹر احسن اقبال، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، احد چیمہ، عطااللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، اویس لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طارق باجوہ اور طلحہ برکی، گورنر اسٹیٹ بینک، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز اور انسپکٹر جنرلز آف پولیس سمیت اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔














