خیبر پختونخوا: ہنگو میں پولیو سیکیورٹی ٹیم پر فائرنگ، پولیس اہلکار شہید، 4 زخمی

پیر 13 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس ٹیم پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔

پولیس نے بتایا کہ نامعلوم دہشتگردوں نے پولیس ٹیم کو اس وقت نشانہ بنایا جب ٹیم پولیو سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دلن کے علاقے میں پولیو مہم جاری تھی کہ اس دوران نامعلوم افراد نے پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس پر فائرنگ کر دی۔ مزید بتایا کہ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 2 دہشتگردوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے، تاہم حملہ آور فائرنگ کے بعد اپنے ساتھیوں کی لاشیں لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس ڈولفن فورس کی کارروائیاں، 3 ماہ میں سینکڑوں ملزمان گرفتار

ہنگو پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ایک زخمی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا، جبکہ 4 اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اضافی نفری پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع ہنگو میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کی اور آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیی: چمن میں پولیو ٹیم پر دہشتگرد حملہ، پولیس اہلکار شہید

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ قومی فریضے پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے، دہشتگرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت افسوسناک ہے۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں آج سے تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق پولیو مہم کے سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور ہر ٹیم کے ساتھ پولیس سیکیورٹی پر مامور ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp