اسلام آباد پولیس کی ڈولفن فورس نے سال 2026 کے ابتدائی تین ماہ کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں کیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اس دوران اسنیپ چیکنگ، سمارٹ کاروں کی مؤثر گشت اور خصوصی ناکہ بندیوں کے ذریعے مجموعی طور پر 201 مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 31 غیر قانونی افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ تمام گرفتار افراد کو متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس کی آپریشنل کمانڈرز کانفرنس، کارکردگی اور سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ
ترجمان نے بتایا کہ ڈولفن فورس نے کارروائیوں کے دوران 272 اشتہاری اور عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا۔ غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن میں مختلف بور کے 22 پستول، 15 بندوقیں، ایک خنجر اور بڑی مقدار میں ایمونیشن برآمد کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ راہزنی، کار چوری اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیوں کے دوران 11 مسروقہ گاڑیاں اور 66 چوری شدہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی 3 ماہ کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں جن میں متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور: چلڈرن اسپتال کی پارکنگ سے ڈاکٹر کی لاش برآمد، پولیس نے شواہد اکٹھے کرلیے، تفتیش شروع
ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس ہمہ وقت متحرک ہے اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔












