پشاور میں بی آرٹی بس سروس چلانے والی نجی ٹرانسپورٹ کمپنی نے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے 7 جون کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
ٹرانسپورٹ کمپنی نے کہا ہے کہ اگر بقایا جات کی ادائیگی نہیں کی جاتی تو بس سروس کو بند کر دیا جائے گا۔
نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پیر 5 جون تک 75 کروڑ روپے ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔
نجی ٹرانسپورٹ کمپنی نے کہا ہے کہ اگر ادائیگی نہ کی گئی تو 7 جون کو بس سروس معطل کرنے پر مجبور ہوں گے۔
نجی ٹرانسپورٹ کمپنی حکومت کی نادہندہ نکلی
دوسری جانب یہ بات سامنے آئی ہے کہ بی آر ٹی کی بسیں چلانے والی نجی کمپنی خیبرپختونخوا حکومت کی نادہندہ ہے۔
دستاویز کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے جی ٹی روڈ پر 20 کنال اراضی نجی کمپنی کو لیز پردی تھی جس کی مدت جنوری 2013 سے اکتوبر 2022 تک تھی۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کے ساتھ 16 لاکھ 56 ہزار روپے ماہانہ کرایہ کا معاہدہ طے پایا تھا مگر نجی کمپنی نے جولائی 2021 سے کرایہ دینا بند کردیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا شاہد خٹک نے موقف اختیار کیا ہے کہ نجی کمپنی لیز کے کرائے کی مد میں حکومت کی 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کی مقروض ہے جبکہ معاہدہ ختم ہونے کے باوجود کمپنی نے اب بھی سرکاری اراضی پر قبضہ کررکھا ہے۔














