وزیراعظم شہباز شریف سے کینیڈا کے ہم منصب کا رابطہ، امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کے کردار کی تعریف

پیر 13 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہبازشریف اور کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکراتی عمل میں پاکستان کی سہولت کاری کی کوششوں کو سراہنے پر کینیڈین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کا مشرق وسطیٰ جنگ بندی کا خیرمقدم، شہباز شریف کا شکریہ اور پاکستان کے کردار کا اعادہ

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جس میں خاص طور پر زراعت، کلین انرجی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران امریکا مذاکرات کی کامیاب میزبانی: وفاقی کابینہ کی جانب سے اظہار تشکر کی قرارداد منظور، وزیراعظم، وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے باہمی طور پر طے شدہ وقت پر دورہ کرنے کا یقین دلایا۔

دونوں وزرائے اعظم نے عالمی فورمز پر مشترکہ مفادات کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp