وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے تمام پہلوؤں اور پاکستان کی کامیاب ثالثی پراعتماد میں لیا۔
منگل کے روز ایوانِ صدر میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم نے صدرِ مملکت کو مذاکرات کے مختلف مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے پاکستان کی ثالثی کے نتیجے میں ہونے والی پیش رفت اور خطے میں تناؤ کی کمی کے حوالے سے حاصل ہونے والے اہداف سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ بندی پر پاکستان کی قیادت پر فخر ہے، بلاول بھٹو زرداری
اس کے علاوہ وزیراعظم نے صدر کو اپنے آئندہ دورۂ سعودی عرب اور ترکیہ کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا۔
صدر آصف علی زرداری نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے لیے پاکستان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے اس سلسلے میں وزیراعظم، نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور تمام ریاستی اداروں کی مشترکہ کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور کلیدی ریاست کے طور پر اپنی حیثیت کو عالمی سطح پر مزید مستحکم کیا ہے، پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنی امن پسندی کی ساکھ کو عملی طور پر ثابت کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علاقائی صورتحال کے تناظر میں عوام پر قیمتوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، صدر مملکت کی ہدایت
جنگ کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ بین الاقوامی سیکیورٹی، معیشت اور سیاست پر بھی گہرے ہوتے ہیں۔
صدرِ مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم امریکا، ایران اور دیگر عالمی طاقتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان سفارتی رابطوں کے تسلسل سے ہی امن عمل اور علاقائی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔













