امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ویسٹ لیک میں اس وقت ایک عجیب و غریب صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک معمر خاتون کے فون نہ اٹھانے پر پولیس پریشانی کی حالت میں ان کے گھر پہنچ گئی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 91 سالہ خاتون نے اپنی خیریت کی اطلاع دینے کے لیے حکومت کے مقررہ پروگرام کے تحت آنے والی کال کا جواب نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھیں: 115 سالہ برطانوی خاتون کو دنیا کے معمر ترین انسان کا اعزاز کیسے ملا؟
حکام کے مطابق جب خاتون نے کال نہیں اٹھائی تو پولیس نے ان کی بیٹی سے رابطہ کیا، لیکن بیٹی نے بھی بتایا کہ ان کی والدہ فون نہیں اٹھا رہیں۔

اس تشویشناک صورتحال کے بعد جب پولیس خاتون کے گھر پہنچی تو ان کی گاڑی گیراج میں ہی موجود تھی، مگر بار بار گھنٹی بجانے کے باوجود کسی نے دروازہ نہیں کھولا، جس سے پولیس کا شک مزید بڑھ گیا۔
خطرہ محسوس کرتے ہوئے جب پولیس اہلکار گھر کے اندر داخل ہوئے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ خاتون اپنے بیڈروم میں بالکل خیریت سے بیٹھی ویڈیو گیم کھیل رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: گنیز ریکارڈ یافتہ دنیا کی سب سے عمر رسیدہ خاتون نے طویل عمری کا راز بتادیا
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ ‘ببل پاپ’ نامی گیم میں اپنا ہی پرانا ریکارڈ توڑنے میں اس قدر مگن تھیں کہ انہیں نہ تو فون کی گھنٹی سنائی دی اور نہ ہی دروازے پر دی جانے والی دستک کا پتا چلا۔
پولیس نے خاتون کی صحت اور خیریت کی تصدیق کی اور یوں ایک پریشان کن صورتحال ہنسی مذاق اور خوشگوار حیرت پر ختم ہوئی۔













