پاکستان مینز کرکٹ ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جاپان روانہ ہوگئی، قومی ٹیم کراچی سے براستہ دبئی جاپان روانہ ہوئی، جہاں پاکستان 28 ستمبر کو کوارٹر فائنل مرحلے سے اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔
صاحبزادہ فرحان ایشین گیمز میں پاکستان مینز ٹیم کی قیادت کریں گے۔ قومی ٹیم نے جاپان روانگی سے قبل کراچی میں 4 روزہ تربیتی کیمپ میں حصہ لیا، جس میں کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کی تیاری کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز ہاکی: پاکستان نے چین کو 0-3 سے شکست دے کر فتح کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ایشین گیمز میں پاکستان کا ہدف گولڈ میڈل جیتنا ہے، تمام میچز اہم ہیں اور کوشش ہوگی کہ ہر مقابلہ جیتا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کی کنڈیشنز پاکستان سے مختلف ہیں، تاہم ٹیم نے انہی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں تیاری کی ہے۔ موسم اور کنڈیشنز ہمارے ہاتھ میں نہیں، لیکن بطور کھلاڑی ہر صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ٹیم میں نئے کھلاڑی ضرور ہیں لیکن سب کے پاس بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ ہے، جبکہ حیدر علی بھی بھرپور فارم میں نظر آرہے ہیں۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ گولڈ میڈل جیتنا ہے تو ٹاپ ٹیموں کو شکست دینا ہوگی، اس لیے ٹیم کی توجہ کسی ایک میچ پر نہیں بلکہ پورے ٹورنامنٹ پر ہے۔ بھارت کے خلاف ممکنہ مقابلے سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس میچ کے لیے بھی تیار ہیں، تاہم تمام میچز اہم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز میں پاکستان کا ہدف گولڈ میڈل، کپتان صاحبزادہ فرحان پر عزم
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ کپتانی ان کے اور ان کے خاندان کے لیے اعزاز کی بات ہے، تاہم کپتان ہوں یا کھلاڑی، ان پر کوئی اضافی دباؤ نہیں ہوگا اور وہ اپنے فطری انداز میں کھیلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو ٹیم کے مفاد میں کھیلنے اور پاکستان کو کامیابیاں دلانے پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان کی 15 رکنی ٹیم 28 ستمبر کو کوارٹر فائنل کھیلے گی، جبکہ ایشین گیمز کرکٹ کے سیمی فائنلز یکم اکتوبر اور میڈل میچز 3 اکتوبر کو ہوں گے۔













