پاکستانی نژاد ابھرتے ہوئے کراٹے کھلاڑی راجہ ریحان نے یورپ میں مسلسل عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک اور بڑا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے پولینڈ میں منعقدہ 12ویں سینٹرل پولینڈ اوپن 2026 میں سینئرز 60 کلوگرام کیٹیگری میں سلور میڈل جیت لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راجہ ریحان نے اس ایونٹ میں جرمنی کی نمائندگی کی۔ ٹورنامنٹ میں 81 ٹیموں اور تقریباً 900 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جس سے مقابلوں کی سختی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ساہیوال کا 9 سالہ حذیفہ انٹرنیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت گیا
سیمی فائنل میں انہوں نے آذربائیجان کے حریف کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ فیصلہ کن مقابلے میں میزبان ملک پولینڈ کے کھلاڑی کے خلاف بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا۔
اس سے قبل رواں سال جنوری میں بھی راجہ ریحان نے جرمنی میں ہونے والے انٹرنیشنل رائن شائی اوپن کراٹے ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو میڈلز جیتے تھے۔
انہوں نے جرمنی کی نمائندگی کرتے ہوئے انڈر 30 ماسٹر کلاس کیٹیگری میں گولڈ میڈل جبکہ اوپن سینئرز 60 کیٹیگری میں برانز میڈل حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیے: وفاقی وزیر عطا تارڑ کو کراٹے کمبیٹ فائٹر شاہ زیب رند سے معذرت کیوں طلب کرنا پڑی؟
گولڈ میڈل مقابلے میں راجہ ریحان نے ڈنمارک کے عالمی چیمپئن کو 0-4 سے شکست دی، جبکہ سیمی فائنل میں جرمنی کے بنجمن کو 0-1 سے ہرایا۔ فائنل میں انہوں نے نیدرلینڈز کے فرونزا پاولو کو 0-3 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔
راجہ ریحان کی مسلسل کامیابیوں پر پاکستان سمیت بیرون ملک کھیلوں کے حلقوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے، جبکہ شائقین نے نوجوان ٹیلنٹ کی مزید سرپرستی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔













