پاکستانی کوششوں سے امریکا اور ایران کے درمیان پیشرفت: آبنائے ہرمز میں ’پروجیکٹ فریڈم‘ عارضی طور پر معطل

بدھ 6 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی درخواست اور ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیشرفت کے بعد بحیرۂ ہرمز میں جہازوں کی نقل و حرکت سے متعلق ’پروجیکٹ فریڈم‘ کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، جبکہ ایران کے خلاف جاری ناکہ بندی بدستور برقرار رہے گی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف مہم کے دوران امریکا کو ’بڑی فوجی کامیابی‘ حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایران کے نمائندوں کے ساتھ ایک مکمل اور حتمی معاہدے کی جانب نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق دونوں فریقین نے باہمی طور پر اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اگرچہ ایران کے خلاف عائد ناکہ بندی پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی، تاہم “پروجیکٹ فریڈم” — جس کا مقصد آبنائے ہرمز سے جہازوں کی نقل و حرکت کو یقینی بنانا ہے — کو عارضی طور پر روک دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی فوج کا آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے والی 6 ایرانی کشتیاں تباہ کرنے کا دعویٰ

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ آیا جاری مذاکرات کو حتمی شکل دے کر باقاعدہ معاہدے پر دستخط کیے جا سکتے ہیں یا نہیں۔ صدر ٹرمپ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ پیشرفت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

ٹرمپ کے امن معاہدے کے اشارے پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کا عندیہ ملنے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل دوسرے روز بھی کم ہو گئیں، جس سے توانائی مارکیٹ میں بڑی تبدیلی کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق عالمی منڈی میں بدھ کے روز تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، کیونکہ سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی سپلائی دوبارہ بحال ہو سکتی ہے۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کی طرف اشارہ دیا۔

برینٹ کروڈ آئل کی قیمت تقریباً 1.7 فیصد کمی کے ساتھ 107.98 ڈالر فی بیرل تک آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) بھی 1.8 فیصد کمی کے بعد 100.44 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔ اس سے ایک روز قبل بھی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم ہونے اور پھنسے ہوئے آئل ٹینکرز کے دوبارہ سفر شروع ہونے کی توقع نے مارکیٹ پر دباؤ کم کیا ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگرچہ امن معاہدے کی امید بڑھ رہی ہے، لیکن مکمل سپلائی بحال ہونے میں وقت لگ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے بحیرۂ ہرمز میں جہازوں کو راستہ دینے کے آپریشن کو عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی بدستور برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران جنگ، پاکستان کی سفارتکاری جاری، اہم کامیابی مل گئی

دوسری جانب رپورٹ کے مطابق امریکا میں تیل کے ذخائر میں بھی مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے خام تیل کے ذخائر میں 8.1 ملین بیرل، پٹرول میں 6.1 ملین بیرل اور دیگر مصنوعات میں 4.6 ملین بیرل کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی مارکیٹ ابھی بھی دباؤ کا شکار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پی آئی اے کا عمان سے پاکستان پروازیں دوبارہ بحال کرنے کا اعلان

مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی، فی تولہ قیمت کتنی ہو گئی؟

سلمان خان کی نقل کیوں کی؟ رجب بٹ نے اپنی اس حرکت کی وجہ بتادی

کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں یومِ فتح کی پروقار تقریب، پاک افواج کو خراج تحسین

آئی ایم ایف آج پاکستان کے لیے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی آئندہ قسط کی منظوری دیدے گا، وزیر خزانہ

ویڈیو

معرکہ حق کا ایک سال: راجہ بازار راولپنڈی کے شہریوں کا مودی کو سخت پیغام

اگر پھر بھارتی جارحیت ہوئی تو جواب ’معرکۂ حق‘ کی طرح دیا جائے گا، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

آئندہ بجٹ میں آٹو سیکٹر کو ٹیکس ریلیف دینے کی تیاری، گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا امکان

کالم / تجزیہ

کتابوں کا عاشق افسانہ نگار

7مئی: انڈیا تین میں، نہ تیرہ میں

شہنشاہِ ہجر شو کمار بٹالوی