امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات بڑی حد تک مکمل ہو چکے، ترک وزیر خارجہ

اتوار 19 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا دونوں کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کا عزم موجود ہے۔

جنوبی صوبے انطالیہ میں ایک سفارتی فورم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات بڑی حد تک مکمل ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی متعدد نکات پر اختلافات برقرار ہیں۔

ہاکان فیدان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے ختم ہونے والی جنگ بندی میں توسیع کی جانی چاہیے۔ کوئی بھی یہ نہیں چاہتا کہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد ایک نئی جنگ چھڑ جائے، ہم امید کرتے ہیں کہ فریقین جنگ بندی میں توسیع کریں گے۔

اس موقع پر ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز، جن کا ملک فریقین کو قریب لانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کررہا ہے، نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ مذاکرات میں کئی پیچیدہ مسائل زیر غور ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگرچہ سب چاہتے ہیں کہ یہ مذاکرات جلد مکمل ہو جائیں، تاہم حقیقت پسندانہ انداز اپنانا ضروری ہے کیونکہ یہ جامع بات چیت وقت طلب ہوگی۔

جودت یلماز نے مزید کہاکہ ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی جامع معاہدے کے لیے آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی بنیادی شرط ہوگی۔ ان کے مطابق، اصل مسئلہ جاری جنگ ہے، لہٰذا اس جنگ کا خاتمہ ہی سب سے بڑی ضمانت فراہم کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp