اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کا ایک صفحے پر ہونا ہی ملکی مضبوطی کی اصل بنیاد ہے، جس کی بدولت آج پاکستان عالمی سطح پر ایک باوقار ملک کے طور پر ابھرا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خطے میں جاری تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، اسپیکر ایاز صادق
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کو پاکستان کی بڑی سفارتی فتح قرار دیا اور کہا کہ ان دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانا کسی معجزے سے کم نہیں، جس کا اعتراف آج پوری دنیا کر رہی ہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ موجودہ قیادت نے اپنی بصیرت سے نہ صرف ایک بڑی عالمی جنگ کا خطرہ ٹالا بلکہ ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے کے لیے کڑے اور مشکل فیصلے بھی کیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 2022ء کے بعد سے ملکی معیشت کی سمت درست ہوئی ہے اور اب پاکستان معاشی بحران سے نکل کر استحکام کی جانب گامزن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسپیکر ایاز صادق اور جے شنکر کی ملاقات، اصل میں کیا ہوا؟
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ حالیہ عالمی صورتحال میں بھارت کو جس طرح سفارتی تنہائی کا سامنا کرنا پڑا وہ بے مثال ہے، کیونکہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی بھی عالمی طاقت نے بھارت کے موقف کی حمایت نہیں کی، جو کہ پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔














