’خدا دیکھ رہا ہے‘، نماز سے متعلق ویڈیو پر شارک ٹینک کی جج کا ہندو ٹرولرز کے خلاف سخت ردعمل

منگل 21 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شارک ٹینک انڈیا کی جج اور ایمکیور فارماسیوٹیکلز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نمیتا تھاپر نے نماز کے صحت سے متعلق فوائد پر مبنی اپنی ایک ویڈیو کے بعد ہونے والی آن لائن تنقید اور ٹرولنگ پر سخت ردعمل دیا ہے۔

نمیتا تھاپر کا کہنا تھا کہ پچھلے تین ہفتوں سے انہیں نامناسب اور توہین آمیز گالیاں دی جا رہی ہیں اور ٹرولز نے ان کی والدہ کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک صحت کے ماہر کے طور پر وہ پہلے بھی ہندو روایات جیسے یوگا کے بارے میں بات کر چکی ہیں مگر اس پر اس طرح کا ردعمل نہیں آیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب دوسرے مذاہب کے طریقوں پر بات کی جاتی ہے تو غصہ کیوں ظاہر ہوتا ہے؟

ساتھ ہی انہوں نے ٹرولرز کو کارما کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خدا دیکھ رہا ہے آپ اپنی تنقید جاری رکھیں۔

واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب مارچ 2026 کے آخر میں انہوں نے عید کے بعد ایک ریل شیئر کی تھی جس میں انہوں نے نماز کو ایک ’خوبصورت روحانی عمل‘ کہا تھا۔

اس ویڈیو میں انہوں نے نماز کے جسمانی اور ذہنی فوائد کا ذکر کیا، اسے ’پورے جسم کی ورزش‘ قرار دیا جو جسم میں لچک اور جوڑوں کی صحت بہتر بنا سکتی ہے۔ انہوں نے تشہد کی پوزیشن کو وجراسن سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہاضمے کے لیے مفید ہو سکتی ہے اور نماز کے مراقبے جیسے اثرات پر بھی روشنی ڈالی جو ذہنی دباؤ کم کرنے اور توجہ بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp