وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حوالہ ہنڈی اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے یورپ اور خلیجی ممالک سے منسلک نیٹ ورکس سے 2 ارب روپے سے زائد رقم برآمد کرلی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے پشاور زون انعام اللہ خان گنڈاپور نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کارروائیوں کے دوران ایرانی کرنسی کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی کا بھی انکشاف ہوا، جس کے بعد تقریباً 21 کروڑ روپے مالیت کی ایرانی کرنسی تحویل میں لے لی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: کاپی رائٹ خلاف ورزی اور جعل سازی کی شکایت پر ایف آئی اے کراچی کی کارروائی، کمپنی مالک گرفتار
انہوں نے کہا کہ چھاپوں کے دوران امریکی ڈالر، سعودی ریال، اماراتی درہم سمیت مختلف غیر ملکی کرنسیاں بھی برآمد کی گئیں۔ یہ کارروائیاں حوالہ ہنڈی، منی لانڈرنگ اور دیگر مالی جرائم میں ملوث گروہوں کے خلاف کی گئیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق گزشتہ 15 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 549 چھاپے مارے گئے، جن کے نتیجے میں 1337 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ غیرقانونی گردہ پیوندکاری میں ملوث ایک منظم گروہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کیس میں ایک ڈاکٹر سمیت 4 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: ایف آئی اے کا مطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے اے آئی سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ گروہ پنجاب سے بھٹہ مزدوروں اور غریب افراد کو نشانہ بناتا تھا اور انہیں ایک لاکھ روپے کے عوض گردے فروخت کرنے پر مجبور کرتا تھا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ، مالی جرائم اور انسانی اعضا کی غیرقانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔














