امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی بادشاہ کنگ چارلس سوم کے استقبال کے موقع پر ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ان کی مرحوم والدہ کو نوجوان چارلس بہت پسند تھے۔
وائٹ ہاؤس کے ساؤتھ لان میں شاندار استقبالی تقریب اور 21 توپوں کی سلامی کے بعد خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کی والدہ، جو اسکاٹ لینڈ میں پیدا ہوئی تھیں، برطانوی شاہی خاندان سے خاص لگاؤ رکھتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیے: زیلنسکی کیساتھ تلخ کلامی جیسے واقعے کا امکان، شاہ چارلس اور ٹرمپ کی ملاقات میڈیا سے دور ہوگی
انہوں نے کہا، ‘وہ واقعی شاہی خاندان سے محبت کرتی تھیں، لیکن مجھے یاد ہے کہ وہ واضح طور پر کہتی تھیں، ‘چارلس کو دیکھو، نوجوان چارلس کتنا خوبصورت ہے۔’ میری والدہ کو چارلس پر کرش تھا! کیا آپ یقین کر سکتے ہیں؟ میں سوچتا ہوں وہ اس وقت کیا سوچ رہی ہوں گی۔’
صدر ٹرمپ کے اس جملے پر تقریب میں موجود مہمانوں نے قہقہے لگائے، جبکہ کنگ چارلس بھی مسکراتے ہوئے دکھائی دیے اور انہوں نے ہاتھ اٹھا کر اس تبصرے کا جواب دیا۔
تقریب میں امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیے: امریکی ٹی وی میزبان نے میلانیا ٹرمپ کو ’ممکنہ بیوہ‘ قراردیدیا
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ کا یہ دوستانہ انداز حالیہ دنوں برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر پر ان کے تنقیدی بیانات سے بالکل مختلف تھا۔
اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا، ‘صدیوں پہلے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے امریکیوں کے برطانوی عوام سے زیادہ قریبی دوست کوئی نہیں رہے۔’
یہ شاہی دورہ ایسے وقت میں ہوا جب امریکا اپنی آزادی کے اعلان کی 250ویں سالگرہ منا رہا ہے، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔













