سابق صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم بھی ہیں۔ اس کے بغیر کسی کی کوئی حیثیت نہیں۔ پاکستان میں آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود، ہمیں میثاق معیشت پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔
ایف پی سی سی آئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں اب بھی آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود ہے، پنجاب کے بڑے بزنس مین اکٹھے ہو جائیں میں سرمایہ کاری کی ضمانت دیتا ہوں۔ ایکسپورٹ بڑھنے سے مسائل حل ہوتے ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ آپ ماضی میں 5 سال ہماری حکومت دیکھ چکے ہیں۔ میں یہ نہیں کہتا کہ کہ وہ بہترین طریقے سے چلائی گئی نہ یہ کہتا ہوں کہ اس سے بہتر نہیں ہو سکتی تھی بلکہ میرا کہنا یہ ہے کہ دوسروں کی حکومتوں سے کافی بہتر تھی۔
“آپ ماضی میں پانچ سال ہماری حکومت بھی دیکھ چکے ہیں، میں یہ نہیں کہتا کہ وہ بہترین طریقے سے چلائی گئی نہ ہی یہ کہتا ہوں کہ اُس سے بہتر نہیں ہوسکتی تھی بلکہ میرا کہنا یہ ہے کہ دوسروں کی حکومتوں سے کافی بہتر تھی۔”
صدر آصف علی زرداری@AAliZardari pic.twitter.com/k33ru4WuKV— PPP (@MediaCellPPP) June 7, 2023
انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے معیشت کی بہتری ضروری ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پیسہ لگاتا ہے اور واپس لے جاتا ہے۔ موجودہ مائنڈ سیٹ سے نکل کر معیشت کی بہتری کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے، دفاعی اخراجات زیادہ ہونے کا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معیشت 5 یا 10 سالوں کے لیے نہیں بلکہ نسلوں کے لیے ہوتی ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تاجر برادری کا خیال رکھا۔ پہلے لوگوں کو امیر کرکے پھر ٹیکس لگانا ہوں گے۔
آصف زرداری نے کہا کہ میں گھر سے زیادہ جیل میں رہا ہوں۔ میثاق جمہوریت میں طویل پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میثاق معیشت پر بھی بات کرنے کی ضرورت ہے۔ چین نے 50 سالوں کے لیے منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ طویل پالیسیاں ہوں گی تو ہر آنے والی حکومت ان پر عمل کرے گی۔ ہمیں اجتماعی سوچ اپنانا ہوگی۔
سابق صدر مملکت نے کہا کہ آج اگر بینظیر بھٹو کو یاد کیا جاتا ہے تو اس کی وجہ وہ کام ہیں جو انہوں نے عوام کے لیے کیے۔ اگر میرے دور کو یاد کیا جاتا ہے تو اس کی وجہ بینظیر کارڈ، اٹھارویں ترمیم اور اختیارات کی منتقلی جیسے اقدامات ہیں۔
“اگر آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو یاد کیا جاتا ہے تو اس کی وجہ وہ کام ہیں جو انھوں نے عوام کیلئے کیے، اگر میرے دور کو یاد کیا جاتا ہے تو بینظیر کارڈ، اٹھارویں ترمیم اور اختیارات کی منتقلی جیسے کاموں کی وجہ سے۔”
صدر آصف علی زرداری@AAliZardari pic.twitter.com/pxRu1hBfRM— PPP (@MediaCellPPP) June 7, 2023
انہوں نے کہا کہ ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے قیام کی ضرورت ہے۔ چین میں جہاں بندرگاہیں ہیں وہاں ترقی بھی ہے۔