فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کی فیفا کے خلاف اپیل، اسرائیل پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ چیلنج

جمعرات 30 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن (PFA) نے اسرائیل کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے فیصلے پر فیفا کے خلاف کھیلوں کی اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کر دی ہے، جبکہ فیفا کانگریس سے قبل ویزا مسائل نے بھی تنازع کو مزید بڑھا دیا ہے۔

مزید پڑھیں: فیفا کا ورلڈ کپ 2026 کے انعامی رقم میں مزید اضافے پر غور

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے کھیلوں کی اعلیٰ عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی آبادکاروں کے کلبز کو اسرائیلی لیگ میں شرکت کی اجازت دینا غیر منصفانہ اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔

یاد رہے کہ فیفا نے گزشتہ ماہ فیصلہ دیا تھا کہ وہ اسرائیل فٹبال ایسوسی ایشن یا اسرائیلی کلبز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گا، جس کی وجہ اس نے مغربی کنارے کی قانونی حیثیت کو متنازع قرار دیا تھا۔

فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کی نائب صدر سوزن شلبی کے مطابق 15 سالہ کوششوں کے باوجود فیفا کی جانب سے کوئی واضح فیصلہ نہ آنے پر اب واحد راستہ اپیل ہی رہ گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے حصول تک قانونی جنگ جاری رکھی جائے گی۔

دوسری جانب کینیڈا میں ہونے والی فیفا کانگریس سے قبل فلسطینی وفد سمیت کئی ممالک کے نمائندوں کو ویزا مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث کچھ اہم عہدیداران بروقت شرکت نہیں کر سکے۔

مزید پڑھیں: فیفا سیریز  2026، پاکستانی ویمن فٹبال ٹیم موریطانیہ سے ٹاکرے کے لیے تیار

رپورٹ کے مطابق غزہ میں فٹبال کا ڈھانچہ قریباً تباہ ہو چکا ہے، جبکہ سینکڑوں کھلاڑیوں، خصوصاً بچوں کی ہلاکت کے باعث کھیل کی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق پیشہ ورانہ لیگز معطل ہیں اور فٹبال کو زندہ رکھنے کے لیے محدود سطح پر کوششیں جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp