جنوبی افریقہ:دریا سے نکالے گئے مگرمچھ کے پیٹ سے انسانی باقیات برآمد

منگل 5 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

۔

جنوبی افریقہ میں ایک حیران کن واقعے میں پولیس نے ایک بڑے مگرمچھ کو دریا سے نکال کر اس کا معائنہ کیا تو اس کے پیٹ سے انسانی باقیات برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق یہ باقیات ایک لاپتہ تاجر کی ہو سکتی ہیں، جو چند روز قبل سیلابی پانی میں بہہ گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں ایک پولیس افسر نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دیوہیکل مگرمچھ کو دریا سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے بعد ہونے والے طبی معائنے میں انکشاف ہوا کہ مگرمچھ کے پیٹ میں انسانی باقیات موجود تھیں۔

سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیپٹن یوہان پوٹگیٹر کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے مگرمچھوں سے بھرے کومتی دریا کے اوپر اتارا گیا، جہاں انہوں نے ایک بڑے مگرمچھ کو رسی کے ساتھ باندھنے میں مدد دی۔ یہ دریا ملک کے مشرقی حصے میں موزمبیق کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

پولیس کے مطابق مگرمچھ کو پہلے ہی ہلاک کیا جا چکا تھا، جس کے بعد اسے تحویل میں لے کر اس کا معائنہ کیا گیا۔ فرانزک تجزیے کے دوران اس کے پیٹ سے انسانی باقیات برآمد ہوئیں، جو ایک لاپتہ شخص کی ہو سکتی ہیں۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مگرمچھ کی لمبائی تقریباً ساڑھے 4 میٹر اور وزن لگ بھگ 500 کلوگرام تھا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ برآمد ہونے والی باقیات غالباً 59 سالہ تاجر کی ہیں، جو گزشتہ ہفتے لاپتہ ہو گیا تھا۔ پولیس کو شبہ تھا کہ مذکورہ مگرمچھ نے اسے نگل لیا، جس کی نشاندہی ڈرونز کے ذریعے نگرانی کے دوران کی گئی۔ بعد ازاں مگرمچھ کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاں سے منتقل کیا گیا۔

مزید تفصیلات کے مطابق جب مگرمچھ کو زمین پر لا کر چاک کیا گیا تو اس کے پیٹ سے انسانی باقیات کے علاوہ ایک انگوٹھی اور جوتوں کے 6 جوڑے بھی برآمد ہوئے، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دیگر افراد کی بھی ہو سکتی ہیں۔

حکام کے مطابق لاپتہ تاجر، جس کی شناخت گیبریل باتیستا کے نام سے ہوئی ہے، پیر کے روز سیلابی صورتحال کے دوران ایک زیرِ آب پل عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ اپنے ہوٹل اور بار تک پہنچ سکے، تاہم اس دوران اس کی گاڑی پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی۔

وہ دریا میں بہتا ہوا اس مقام تک پہنچ گیا جہاں مگرمچھ موجود تھے۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ مگرمچھ کا شکار بننے سے پہلے ہی جاں بحق ہو چکا تھا یا نہیں، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کی کچھ باقیات دیگر مگرمچھوں نے بھی کھا لی ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp