کراچی میں ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی شادی سرٹیفکیٹ کے ذریعے عمان جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خاتون عمان جانے کے لیے ریلیٹو جوائننگ ویزا پر سفر کر رہی تھی
۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران اس کی جانب سے پیش کیے گئے دستاویزات مشکوک قرار پائے، جس پر مزید جانچ پڑتال کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے امیگریشن کا بڑا ایکشن، کراچی سے ملائیشیا جانے والے 23 مسافر آف لوڈ
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ خاتون سے شادی سے متعلق دستاویزات طلب کیے گئے تو انٹرویو کے دوران متعدد تضادات سامنے آئے۔
بعد ازاں خاتون نے اعتراف کیا کہ محمد ریحان کے ساتھ اس کی قانونی شادی نہیں ہوئی اور پیش کیا گیا میرج سرٹیفکیٹ جعلی اور ارینجڈ تھا۔
ترجمان کے مطابق خاتون نے انکشاف کیا کہ عمان کا ریلیٹو جوائننگ ویزا حاصل کرنے کے لیے ایک ایجنٹ کے ذریعے جعلی دستاویزات تیار کروائے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: ایف آئی اے نے وزٹ ویزے کی آڑ میں جنوبی کوریا جانے کی کوشش ناکام بنا دی
ایف آئی اے نے خاتون کے قبضے سے جعلی شادی سرٹیفکیٹ، عمان آئی ڈی اور دیگر مشتبہ دستاویزات تحویل میں لے لیے ہیں، جبکہ اس کا موبائل فون اور دیگر ریکارڈ مزید تحقیقات کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سفر کے لیے جعلسازی اور دھوکہ دہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ انسانی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کردی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق کیس میں مزید کرداروں کے سامنے آنے کا امکان ہے اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔











