اسلام آباد کے علاقے ترنول میں پولیس کی معمول کی چیکنگ کے دوران بین الصوبائی ڈکیت گینگ سے مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں پولیس مقابلہ، ڈکیت گینگ کا ایک رکن ہلاک، دوسرا زخمی
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ ترنول کے علاقے میں پولیس ٹیم معمول کی چیکنگ میں مصروف تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق رکنے کے بجائے ملزمان نے اچانک پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے دوران پولیس اہلکار محفوظ رہے کیونکہ انہوں نے حفاظتی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹس پہن رکھی تھیں۔
ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان کا اپنا ساتھی بلال خان زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ اس کے بعد پولیس نے فرار ہونے والے دو ملزمان کا تعاقب کیا اور سرچ آپریشن کے دوران ایک اور ملزم ریاست کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں پولیس مقابلہ، لیاری گینگ وار کا بھتہ خور ہلاک
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان بلال خان اور ریاست درجنوں سنگین وارداتوں میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور اسلام آباد پولیس کے ساتھ ساتھ پنجاب پولیس کو بھی مطلوب تھے۔
ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے دو پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق تیسرے ساتھی ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے۔














