اسلام آباد کے تھانہ کورال کی حدود میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کے دوران ڈکیت گینگ کا ایک رکن ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، ہلاک اور زخمی ملزمان غوری ٹاؤن میں ڈکیتی کی واردات کے دوران قتل کے مقدمے میں ملوث تھے۔
تھانہ کورال پولیس گرفتار ملزمان احمد شہزاد اور منیب الرحمان کو وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور مالِ مسروقہ برآمد کرنے کے لیے لے کر جا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی، بین الصوبائی موٹر سائیکل چور گینگ گرفتار
پولیس کا دعویٰ ہے کہ راستے میں پہلے سے چھپے ساتھیوں نے گرفتار ملزمان کو چھڑانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کا منظم گینگز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، گاڑی چوری میں ملوث گروہ کے 4 ارکان گرفتار
فائرنگ کے دوران گرفتار ملزم احمد شہزاد اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا جبکہ منیب الرحمان زخمی ہوگیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش اسلام آباد کے مختلف تھانوں کی حدود میں متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف بھی کیا ہے۔
پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔














