پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین نے کہا ہے کہ مداحوں کی جانب سے انہیں ساتھی اداکاروں کے ساتھ جوڑنے کی افواہیں مستقبل میں ان کے شریکِ حیات کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہیں۔ ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کی باتیں نہ صرف انہیں بلکہ ان کے خاندان کو بھی متاثر کرتی ہیں۔
دنانیر مبین کا کہنا تھا کہ ان کے والدین سادہ مزاج لوگ ہیں اور اکثر پوچھتے ہیں کہ لوگ ان کے بارے میں ایسی باتیں کیوں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والدین ابتدا ہی سے شوبز انڈسٹری کے حوالے سے فکر مند رہے کیونکہ ان کے خاندان کا میڈیا سے پہلے کوئی تعلق نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیے: فلم ‘میرا لیاری’ کی تشہیر کے دوران دنانیر مبین کے لباس پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑگئی
اداکارہ نے بتایا کہ وقت کے ساتھ وہ اپنے والدین کے خدشات کو بہتر انداز میں سمجھنے لگی ہیں، خاص طور پر جب نئی لڑکیاں شوبز میں قدم رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ خود بھی گزشتہ چند برسوں میں عوامی تنقید اور سوشل میڈیا کے دباؤ سے گزری ہیں اور یہ سب کچھ انسان پر اثر انداز ہوتا ہے۔
دنانیر مبین نے کہا کہ ان کے ساتھی اداکار ہمیشہ تعاون کرتے ہیں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہیں سیٹ پر کبھی مسئلہ نہیں بنتیں۔ انہوں نے اپنی حالیہ فلم ‘میرا لیاری’ کی تشہیر کے دوران لندن میں ہونے والی تنقید کا بھی ذکر کیا، جب ایک تصویر میں اسکن کلر لیگنگ پہننے پر انہیں سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: ’میں بھی انسان ہوں‘، تصاویر پر تنقید کے بعد اداکارہ دنانیر مبین نے خاموشی توڑ دی
اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ خواتین کے لباس اور کردار پر غیر ضروری تنقید کیوں کی جاتی ہے، جبکہ مرد اداکاروں پر اسی طرح اعتراض نہیں ہوتا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ایک خصوصی لباس ری سائیکل شدہ سگریٹ کے ٹکڑوں سے تیار کروایا تاکہ ماحولیاتی آگاہی کا پیغام دیا جاسکے۔














