پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرےگا، اسپیکر ایاز صادق، مسلح افواج کو خراج تحسین

ہفتہ 9 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آپریشن بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر یومِ معرکہ حق کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ تاریخی دن پاکستان کی دفاعی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جب پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارت کی وحشیانہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کامیاب جوابی کارروائیاں کیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

اپنے ایک پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت اور چیف آف دی ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مؤثر عسکری حکمتِ عملی کے تحت آپریشن کو انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین ہم آہنگی کے ساتھ کامیابی سے مکمل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: معرکہ حق کی سالگرہ، اسلام آباد کی فضاؤں میں پاک فضائیہ کا شاندار فلائی پاسٹ

انہوں نے کہاکہ سیاسی اور عسکری قیادت کے مابین غیر معمولی اشتراکِی عمل نے پوری قوم کو ایک متحد قوت میں تبدیل کردیا، جس کے نتیجے میں دشمن کے عزائم کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا گیا اور پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن کر ابھرا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فوج کے بہادر جوانوں نے دشمن کی اہم تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا جبکہ دشمن کے فضائی دفاعی نظام، خصوصاً ایس 400 سسٹم کو مؤثر انداز میں ناکارہ بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع پر مامور افواجِ پاکستان کے یہ بہادر سپوت قوم کا حقیقی فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہاکہ پاک فضائیہ کی بے مثال کارکردگی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا اور پاکستان کی فضائی برتری کو خطے میں نمایاں انداز میں منوایا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت پاک فضائیہ کے تمام افسران اور جوانوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہاکہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ حکمتِ عملی نے دشمن کو مکمل طور پر محدود کر دیا، جس کے باعث دشمن اپنی بحری حدود تک محدود ہو کر رہ گیا۔

انہوں نے نیول چیف نوید اشرف سمیت پاک بحریہ کے تمام افسران اور جوانوں کو قوم کی جانب سے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان مؤثر کارروائیوں سے دشمن کی جنگی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا اور اسے پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ آپریشن کے دوران جدید سائبر اور الیکٹرانک وارفیئر حکمتِ عملیوں کو بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں دشمن کے مواصلاتی نظام اور کمانڈ اینڈ کنٹرول انفراسٹرکچر کو غیر مؤثر بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک امن پسند مگر باوقار اور خود مختار ریاست ہے، جو خطے میں امن کو ترجیح دیتی ہے لیکن اپنی خودمختاری اور دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ مسئلہ جموں و کشمیر خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے اور اس کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

انہوں نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو آبی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر مناسب اقدام اٹھانے کا حق حاصل ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے لیے خصوصی دعا کی۔

انہوں نے کہاکہ قوم اپنے وطن کے دفاع کی خاطر جانوں کی قربانیاں دینے والے شہدا کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرے گی۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قوم کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔

مزید پڑھیں: معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص:  پاکستان ٹی وی کی خصوصی ڈاکیومنٹری

انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں متحد رہتی ہے اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ جب بھی ملک کو کسی چیلنج کا سامنا ہوگا، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے سامنے کھڑی ہوگی اور افواجِ پاکستان کا بھرپور ساتھ دے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp