ڈھاکا: محسن نقوی کی بنگلہ دیشی وزیر مملکت سے ملاقات، دوطرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اتوار 10 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈھاکا میں وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی سے بنگلہ دیش کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور شمع عبید اسلام نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور پاکستان کے مصالحتی کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ڈھاکا میں سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی قبر پر حاضری

ملاقات کے دوران بنگلہ دیش کی وزیر مملکت برائے خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے حل کے لیے پاکستان کے مثبت اور مصالحتی کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، کاروبار اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا، جبکہ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ کے متوقع دورۂ پاکستان پر بھی گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:محسن نقوی ایشیا کپ پر اہم مشاورت کے لیے ڈھاکا پہنچ گئے

ملاقات میں بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے سیکرٹری محمد نذر الاسلام، ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا عشرت جہاں، ڈائریکٹر شمیمہ یاسمین اور پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp