کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی کے بین الصوبائی نیٹ ورک کی اہم سرغنہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ کی شناخت انمول عرف پنکی کے نام سے ہوئی ہے، جو شہر میں منشیات کی سپلائی کا ایک وسیع نیٹ ورک چلا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب پولیس نے سال 2025 میں کتنے ہزار منشیات فروش گرفتار کیے؟
انتہائی مطلوب اور مفرور ملزمہ
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمہ انمول عرف پنکی پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھی اور وہ 10 سے زائد سنگین مقدمات میں مفرور رہی تھی۔ ملزمہ کی گرفتاری کو پولیس کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے کیونکہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دینے میں ماہر سمجھی جاتی تھی۔
برآمد شدہ سامان کی مالیت
پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے بھاری مقدار میں ممنوعہ اشیاء برآمد کی ہیں، جن میں کروڑوں روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کوکین، مختلف اقسام کے کیمیکلز (جو منشیات کی تیاری میں استعمال ہوتے ہیں) شامل ہیں، ملزمہ سے غیر قانونی پستول اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
کراچی کی سب سے بڑی کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کی عدالت میں پیشی کے مناظر !پولیس نے ملزمہ پنکی کو بغیر ہتھکڑی پروٹوکول میں عدالت میں پیش ! pic.twitter.com/6u39ODPrXY
— WE News (@WENewsPk) May 12, 2026
منشیات کی فراہمی کا جدید طریقہ کار (آن لائن نیٹ ورک)
پولیس کے مطابق دوران تفتیش یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ انتہائی منظم طریقے سے اپنا کاروبار چلا رہی تھی۔ملزمہ شہر بھر میں منشیات کی ڈیلنگ اور سپلائی کے نیٹ ورک کو آن لائن آپریٹ کررہی تھی۔ آرڈرز کی ترسیل کے لیے مخصوص رائیڈرز کا استعمال کیا جاتا تھا۔
پولیس کے مطابق نیٹ ورک کی حیرت انگیز بات یہ تھی کہ ملزمہ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خواتین رائیڈرز کو بھی اپنے گروہ میں شامل کر رکھا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے اوجھل رہا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں، 1043 ملزمان گرفتار
پولیس کی مزید کارروائی
گارڈن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے تفتیش کا عمل جاری ہے جس میں اس کے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر کارندوں اور خریداروں کے بارے میں اہم معلومات ملنے کی توقع ہے۔ پولیس اس بات کا بھی تعین کر رہی ہے کہ ملزمہ کو اتنی بڑی مقدار میں مہنگی منشیات کہاں سے فراہم کی جا رہی تھیں۔














