انمول عرف پنکی پر اسلحہ ایکٹ کے تحت بھی مقدمہ درج

بدھ 13 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ میں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد ہوا، تاہم لائسنس پیش نہ کرنے پر ملزمہ کیخلاف اسلحہ ایکٹ کے تحت الگ مقدمہ درج کیا گیا۔

یاد رہے کہ انمول عرف پنکی کو گارڈن میں واقع ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: انمول عرف پنکی کیسے کراچی میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کا دھندا چلاتی تھی؟

دوسری جانب منشیات کیس میں گرفتاری سے قبل ملزمہ کی ایک مبینہ آڈیو بھی منظرعام پر آئی ہے، جس میں وہ مبینہ طور پر پولیس کو چیلنج کرتی سنائی دیتی ہے۔

جس فلیٹ کا پتا ایف آئی آر میں درج کیا گیا، وہاں رہائش پذیر خاندان نے پولیس کے مؤقف کو چیلنج کیا یے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 8 برس سے اس مقام پر کرائے پر مقیم ہیں اور انمول عرف پنکی نامی کسی خاتون کو نہیں جانتے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں نائجیرین منشیات نیٹ ورک بے نقاب، سرغنہ سمیت 3 ملزمان گرفتار

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ پولیس کی غفلت کے باعث ان کے گھر کا پتا مقدمے میں شامل کیا گیا، جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمہ سے پستول، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد ہوئیں۔

پولیس حکام کے مطابق انمول عرف پنکی انتہائی مطلوب اور 10 مقدمات میں مفرور تھی، جو شہر میں منشیات کی ڈیلنگ اور سپلائی کا منظم نیٹ ورک چلا رہی تھی۔

تحقیقات کے مطابق ملزمہ آن لائن آرڈرز کے ذریعے منشیات مخصوص رائیڈرز کے ذریعے سپلائی کرتی تھی جبکہ اس مقصد کے لیے خواتین رائیڈرز کا استعمال بھی کیا جاتا تھا۔

 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، پولیس کو تفتیش کی اجازت

میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت نے منشیات فروشی کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے، جس کے بعد پولیس نے تفتیش کے لیے ملزمہ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گزشتہ روز عدالت نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی تھی، تاہم آج ملزمہ کو دوبارہ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پولیس نے ایک بار پھر جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمہ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، جس کے بعد پولیس ملزمہ کو تفتیش کے لیے اپنے ساتھ لے گئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ انمول عرف پنکی کے خلاف ماضی میں درج مقدمات کی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون منشیات فروش کو گرفتار کیا تھا، جس کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین اور دیگر نشہ آور اشیاء برآمد ہوئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp