میسی نے ایک بار پھر سب کو پیچھے چھوڑ دیا، سالانہ 25 ملین ڈالر تنخواہ کا ریکارڈ قائم

بدھ 13 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فٹبال کے معروف کھلاڑی لیونل میسی میجر لیگ سوکر میں بدستور سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی ہیں جن کی سالانہ بنیادی تنخواہ 25 ملین ڈالر ہے جو لیگ میں دوسرے سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی سون ہیونگ من سے دو گنا سے بھی زیادہ ہے۔ یہ بات MLS پلیئرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار میں سامنے آئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق میسی کے انٹر میامی کے ساتھ معاہدے میں ان کی مجموعی ضمانتی آمدنی 28.3 ملین ڈالر تک پہنچتی ہے۔ یہ وہی معاہدہ ہے جو گزشتہ اکتوبر میں کیا گیا تھا جس کے تحت وہ 2028 کے سیزن تک کلب کے ساتھ منسلک رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: لیونل میسی نے بارسلونا کا فٹبال کلب خرید لیا

جنوبی کوریا کے اسٹار فٹبالر سون ہیونگ من جو گزشتہ سال اگست میں لاس اینجلس ایف سی (LAFC) میں شامل ہوئے تھے 10.36 ملین ڈالر کی بنیادی تنخواہ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ان کی مجموعی ضمانتی آمدنی 11.2 ملین ڈالر ہے۔

یہ اعداد و شمار اشتہاری معاہدوں یا دیگر اضافی آمدن کو شامل نہیں کرتے۔ اسی طرح میسی کی ممکنہ اضافی آمدن بھی اس میں شامل نہیں جو انہیں انٹر میامی میں حصص کے اختیار سے حاصل ہو سکتی ہے جس کے شریک مالک ڈیوڈ بیکہم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رونالڈو بمقابلہ میسی: 2025 میں کمائی کی جنگ کس نے جیتی؟

38 سالہ لیونل میسی نے انٹر میامی کے لیے اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 لیگ میچوں میں 59 گول اسکور کیے ہیں۔ گزشتہ سیزن میں انہوں نے 29 گول کے ساتھ لیگ کی قیادت کی اور مسلسل دوسرے سال سب سے قیمتی کھلاڑی (MVP) کا اعزاز حاصل کیا۔

اس فہرست میں تیسرے نمبر پر میسی کے ساتھی اور ارجنٹائن کے مڈفیلڈر روڈریگو ڈی پال ہیں جن کی ضمانتی آمدنی 9.7 ملین ڈالر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میسی کے ساتھ تصویر بنوانا بنگالی اداکارہ کے گلے پڑگیا

میکسیکو کے فارورڈ ہیروِنگ ’چکی‘ لوزانو 9.3 ملین ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں، جبکہ اٹلانٹا یونائیٹڈ کے میگوئل المیرون 7.9 ملین ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

MLS کے مطابق مجموعی لیگ تنخواہوں کا حجم 631 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جبکہ اوسط ضمانتی آمدنی 688,816 ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.9 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp