مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین اور ان کے صاحبزادے موسیٰ الہٰی کے خلاف اقدام قتل کے الزام پر گجرات کے علاقے کڑیانوالہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) گجرات کے سینئر نائب صدر امحمد علی گجر کی درخواست پر تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت چوہدری وجاہت حسین اور ان کے صاحبزادےسمیت بارہ ملزمان کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے الزام لگایا کہ وہ کڑیانوالہ میں صوبائی حلقہ پی پی 31 میں انتخابی امیدوار تھا جہاں مسلم لیگ (ق) کے ان دونوں نامزد رہنماؤں نے جو اس کے سیاسی مخالف ہیں، احسن کو قتل کرنے کے لیے اجرت پر رکھا۔
انہوں نے کہا کہ مشتبہ افراد نے 23 جنوری کو ان کے گھر پر حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ کی جب کہ چوہدری وجاہت حسین اور ان کا صاحبزادہ موسیٰ الہٰی حملے کی نگرانی کے لیے اپنی گاڑی میں ان کے گھر کے باہر موجود تھے۔
پولیس نے اس سے قبل چوہدری وجاہت حسین کی تلاش میں گجرات کے قریب سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر ناکام چھاپہ مارا تھا۔ چوہدری وجاہت حسین کی ابھی تک ضمانت قبل از گرفتاری نہیں ہوئی۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف کراچی کے تھانہ موچکو میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق شیخ رشید کو آج ہی کراچی منتقل کیا جائے گا۔
اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کو سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام عائد کرنے پر گرفتار کرکے گزشتہ روز عدالت سے انہیں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔













