گوادر کو جدید، محفوظ اور اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے وژن کے تحت گوادر سیف سٹی منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے، جس کے تحت شہر کے اہم اور مصروف مقامات پر ٹاورز اور پولز کی تنصیب کا عمل جاری ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں جدید کیمروں کی انسٹالیشن شروع کی جائے گی۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر سیف سٹی پروجیکٹ انجینیئر بابا داد اللہ کے مطابق منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور انڈر گراؤنڈ کیبلنگ کا ابتدائی مرحلہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔
ان کے مطابق مرکزی کمپلیکس اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی تعمیر بھی جاری ہے جسے جلد مکمل کرکے فعال کر دیا جائے گا تاکہ شہر میں جدید نگرانی اور سیکیورٹی نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ گوادر سیف سٹی منصوبہ وقت کی اہم ضرورت ہے جو شہر میں امن و امان، شہری تحفظ، ٹریفک مینجمنٹ، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
منصوبے کی مجموعی لاگت قریباً ساڑھے 7 ارب روپے ہے جبکہ اس کے تحت شہر کے 135 اہم مقامات پر 760 جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ اس نظام کے ذریعے قریباً 145 اسکوائر کلومیٹر علاقے کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے گی۔
منصوبے کے تحت جدید سی سی ٹی وی اور ملٹی پرپز کیمرے مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک ہوں گے، جہاں سے شہر کی سرگرمیوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی۔
گوادر سیف سٹی منصوبے کے اہم مقاصد میں جرائم کی روک تھام، دہشت گردی کے خطرات کی نگرانی، ٹریفک مینجمنٹ، ایمرجنسی رسپانس کو بہتر بنانا اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری نشاندہی شامل ہے۔
منصوبے میں جدید ٹیکنالوجیز جیسے ہائی ریزولوشن سی سی ٹی وی کیمرے، فیشل ریکگنیشن سسٹم، نمبر پلیٹ ریکگنیشن، تھرمل اور PTZ کیمرے، فائبر آپٹک نیٹ ورک، سولر بیک اپ اور ریئل ٹائم اینالیٹکس سسٹم شامل ہیں۔
یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں، سیاحوں اور سی پیک سے وابستہ افراد کے لیے بھی محفوظ ماحول فراہم کرے گا اور گوادر کو ایک جدید، محفوظ اور عالمی معیار کے اسمارٹ پورٹ سٹی میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرےگا۔












