5 ہزار روپے کی شرط، نوجوان نے سڑک پر برہنہ دوڑ لگا دی، ویڈیو وائرل

جمعرات 21 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کے علاقے گوجرہ میں 5 ہزار روپے کی شرط جیتنے کے لیے مبینہ طور پر ایک نوجوان کی سرِعام برہنہ دوڑ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعے سے عوامی جذبات مجروح ہوئے اور شہریوں کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

گوجرہ میں دن دہاڑے مرکزی سرگودھا روڈ پر مبینہ طور پر 5 ہزار روپے کی شرط جیتنے کے لیے ایک نوجوان کی برہنہ دوڑ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

یہ واقعہ 18 مئی کو پیش آیا تھا، جس کی ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے منڈی بہاؤالدین کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نے چاروں مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے۔

گوجرہ پولیس تھانے میں سب انسپکٹر غلام عباس طاہر کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق شاہ پور صدر کے رہائشی ثمر حیات کو احسان نامی شخص اور 2 نامعلوم افراد نے قینچی چوک پر 100 فٹ تک برہنہ دوڑ لگانے کا چیلنج دیا تھا، جس کے بدلے اسے 5 ہزار روپے دینے کی شرط رکھی گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق ثمرحیات نے چیلنج قبول کرتے ہوئے سڑک پر برہنہ دوڑ لگائی، جبکہ ایک نامعلوم شخص نے موبائل فون سے اس واقعے کی ویڈیو بنائی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے شہریوں کو ذہنی اذیت پہنچی اور عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچی۔

پولیس نے ثمرحیات، احسان اور 2 نامعلوم افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 294، 509، 109 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، جبکہ پنجاب پریوینشن آف گیمبلنگ آرڈیننس 1978 کی دفعات 5 اور 7 بھی شامل کی گئی ہیں۔

ملزمان پر عائد الزامات میں سرِعام فحاشی، عوامی شائستگی مجروح کرنے، جوا نما شرط بازی اور معاونت شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp