اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ایس ڈی جیز سیکریٹریٹ کا مقصد وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں ’ہم ہیں پاکستان‘ ایس ڈی جیز یوتھ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی نے صوبائی اسمبلیوں کو پارلیمانی کاکسز کے قیام
کے لیے تربیت فراہم کی ہے، جس کے نتیجے میں تمام صوبائی اسمبلیوں میں یہ کاکسز فعال انداز میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پلڈاٹ کا اشتراک
انہوں نے مزید کہا کہ 2024 کی اسپیکرز کانفرنس نے وفاق اور صوبوں کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
سردار ایاز صادق نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی جامعات اور صوبائی تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں مؤثر
انداز میں شامل کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: ’دل ہونا چاہیے جوان‘، نواز شریف نے خود کو یوتھ میں شامل کر لیا
انہوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوان رضاکار ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
پارلیمانی سیکریٹری برائے قومی ترقی و منصوبہ بندی شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ ’ہم ہیں پاکستان‘ مہم کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو قومی ترقی کا شراکت دار بنانا ہے، کیونکہ پائیدار ترقی
نوجوان قیادت اور آگاہی کے بغیر ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ یہ مہم نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دے گی۔
مزید پڑھیں: ڈیجیٹل معیشت پاکستان کی ترقی کا نیا انجن بن سکتی ہے، شزا فاطمہ
ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے کہا کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں لرننگ پلس ایکشن ماڈل متعارف کرایا جائے گا، جبکہ یہ مہم حکومت کے ’اڑان پاکستان‘ منصوبے سے ہم آہنگ ہے۔
اسی طرح بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے پرنسپلز کی اس مہم میں شرکت خوش آئند ہے کیونکہ انہیں تعلیمی اور سماجی حقائق کا براہِ راست ادراک ہوتا ہے۔
تقریب میں متعدد اراکین قومی اسمبلی نے بھی شرکت کی جن میں سید علی قاسم گیلانی، ڈاکٹر شازیہ صوبیہ اسلم سومرو، میجر (ر) طاہر اقبال، سید حفیظ الدین، شیر علی ارباب اور مہتاب اکبر راشدی شامل تھے۔














