ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان زون کوئٹہ، محمد بہرام خان کی خصوصی ہدایات پر ایف آئی اے چمن نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
چمن میں ان کارروائیوں کے دوران غیر قانونی مالی لین دین میں ملوث ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 ترمیمی 2020 کی دفعات 8 اور 23 کے تحت مقدمات درج کیے گئے، جبکہ بعض مقدمات میں فارنرز ایکٹ 1946 کی متعلقہ دفعات بھی شامل کی گئیں. گرفتار ملزمان کے خلاف ان مقدمات کو مؤثر انداز میں عدالت میں پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کا حوالہ ہنڈی نیٹ ورکس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 2 ارب روپے سے زائد رقم برآمد
تمام مقدمات کی تفتیش انسپکٹر محمد ادریس خان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ندیم غفار کی نگرانی میں پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کی. اس بہترین تفتیش کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چمن کی عدالت سے چھ مختلف مقدمات میں سزائیں سنائی گئیں۔
عدالتی فیصلوں کے مطابق، حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث متعدد ملزمان کو سزا سنائی گئی ہے. ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث غیر ملکی باشندوں کو افغانستان واپس ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف مقدمات میں عدالت کی جانب سے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ، ایک مقدمے میں 18 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں ضبط کیے گئے ہیں اور ملزمان کو قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے جو وہ دورانِ حراست مکمل کر چکے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: ایف آئی اے کا حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف کریک ڈاؤن، 63 ملزمان گرفتار
یہ کامیاب کارروائیاں ایف آئی اے بلوچستان زون کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ حوالہ ہنڈی، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور سرحدی علاقوں میں ہونے والے مالی جرائم کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ قومی معیشت کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان زون نے ایف آئی اے چمن کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔














