این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے 26 سے 31 مئی کے دوران ملک بھر میں متوقع موسمی صورتحال کا تفصیلی جائزہ جاری کرتے ہوئے شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
جائزے کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ مختلف مقامات پر پارہ 40 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: شدید گرمی اور لاپروائی، قربانی کے جانور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے
وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے گرمی کی شدت اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر قومی سطح پر تیاریوں کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے، جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے پیشگی اقدامات (Anticipatory Actions) شروع کر دیے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
این ڈی ایم اے نے 26 سے 31 مئی کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کردیا۔ بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، مختلف مقامات پر پارہ 40 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔@KulAalam pic.twitter.com/Y7IXJ4XJEM
— Media Talk (@mediatalk922) May 26, 2026
این ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی سطح پر عوامی آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے، ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تعینات کی جا رہی ہیں، کولنگ سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں اور طبی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
این ای او سی کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر شمالی علاقوں بشمول خطہ پوٹھوہار میں ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقے شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں رہیں گے۔
گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید گرمی کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے سے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار، محکمہ موسمیات کا انتباہ
ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، کوہستان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ متعدد رابطہ سڑکوں کی بندش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح شمالی علاقوں میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی جبکہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات یقینی بنانے اور عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے اور ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘ ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔













