جاپان میں جاری انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ 2026 میں پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ کے گروپ مرحلے کے ایک انتہائی اہم اور یکطرفہ میچ میں گرین شرٹس نے بنگلادیش کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے عبرتناک شکست دے کر ایونٹ میں اپنی ناقابلِ شکست برتری برقرار رکھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہاکی ٹیم 8 برس بعد ورلڈ کپ میں پہنچ گئی، محسن نقوی کی کھلاڑیوں کو مبارکباد
جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے آغاز ہی سے جارحانہ اور پراعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیم کے دفاع کو تہس نہس کردیا۔
پاکستان کی اس شاندار فتح میں عبداللہ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے جبکہ عدیل، آسام اور محمد یحیی نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کی پوزیشن کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔
🔺 U18 Asia Cup Japan 🏑
⏱️ Full Time
🇵🇰 Pakistan 5 – 2 Bangladesh 🇧🇩Strong performance by Pakistan 💪#PakistanHockey #U18AsiaCup #MatchUpdate #PSB pic.twitter.com/12rT7j8sM1
— Pakistan Sports Board (@Pak_SportsBoard) June 3, 2026
دوسری جانب بنگلادیش کی طرف سے تیرک اسلام اور منا اسلام ہی ایک ایک گول اسکور کرنے میں کامیاب ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کی بحالی کے لیے نئی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دیدی
میچ کے دوران پاکستانی فارورڈز نے حریف کے ڈی میں ملنے والے مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا جبکہ مڈفیلڈ اور دفاعی لائن نے بھی مضبوط گرفت برقرار رکھتے ہوئے بنگلادیشی حملوں کو ناکام بنائے رکھا۔
پاکستانی نوجوان کھلاڑی محمد یحیی کو ان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر ’پلیئر آف دی میچ‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس یادگار کامیابی کے بعد پاکستان نے نہ صرف ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے بلکہ وہ اب ٹائٹل کے لیے مضبوط ترین امیدوار بن کر سامنے آیا ہے۔
اب ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کا روایتی حریف بھارت کے ساتھ اعصاب شکن ٹکراؤ 5 جون کو ہوگا، جس کا شائقینِ ہاکی کو شدت سے انتظار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنالی
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی نے جونیئر ٹیم اور آفیشلز کو اس بڑی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فتح کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ اسٹاف کی انتھک محنت اور کھیل سے سچی لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ گرین شرٹس سیمی فائنل میں بھی روایتی حریف کے خلاف اسی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کریں گے اور بین الاقوامی سطح پر قومی ہاکی کے روشن مستقبل کی بنیاد کو مزید مضبوط بنائیں گے۔














