پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے اجلاس میں وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کے ہمراہ آئندہ وفاقی بجٹ سے قبل معمول کے پری بجٹ مشاورتی عمل کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیئر قیادت کے ساتھ اہم اجلاس کیا۔
اجلاس میں جاری اخراجات اور ترقیاتی فنڈز کی ترجیحات پر تفصیلی غور کیا گیا، جن میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) بھی شامل تھا۔
Deputy Prime Minister / Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 along with Finance Minister Senator Muhammad Aurangzeb, held a meeting today with senior leaders of the Pakistan Peoples Party as part of routine pre-budget consultations ahead of the Federal… pic.twitter.com/d02o17rqVK
— Office of the Deputy Prime Minister (@DPM_PK) June 3, 2026
اس کے علاوہ مالی سال 27-2026 کے لیے وسیع تر معاشی ترجیحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں مالیاتی استحکام، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات، ترقیاتی منصوبے اور جامع معاشی ترقی شامل ہیں۔
بجٹ 10 جون کو پیش کرنے کی متفقہ سفارش
اجلاس کے شرکا نے متفقہ طور پر وزیراعظم شہباز شریف کو یہ سفارش کرنے پر اتفاق کیا کہ مالی سال 27-2026 کا وفاقی بجٹ بدھ 10 جون 2026 کو پیش کیا جائے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے دیگر سینیئر حکام شریک ہوئے۔














