پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروباری سرگرمیوں کے آغاز پر تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا، جہاں انڈیکس ابتدائی چند منٹوں میں 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ٹریڈ کرتا رہا۔
صبح 9:50 بجے تک بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 100 171,698.54 پوائنٹس پر موجود تھا، جو 523.04 پوائنٹس یعنی 0.31 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
مارکیٹ میں مختلف اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی جن میں آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور پاور جنریشن شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟
حبکو، ماری پیٹرولیم، او جی ڈی سی، پاکستان آئل فیلڈز، پاکستان پیٹرولیم، پاکستان اسٹیٹ آئل، حبیب بینک اور نیشنل بینک جیسے انڈیکس میں اہم کردار ادا کرنے والے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
گزشتہ روز یعنی جمعرات کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ جاری رہا، جب امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ سفارتی پیش رفت سے متعلق محتاط امید نے بڑے شیئرز میں خریداری کو فروغ دیا، جس کے نتیجے میں انڈیکس مثبت زون میں بند ہوا۔
جمعرات کو کے ایس ای 100 انڈیکس 984.86 پوائنٹس یعنی 0.58 فیصد اضافے کے ساتھ 171,175.51 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
PSX Opened Positive 🚀
☀️ KSE 100 opened positive by +733.37 points this morning. Current index is at 171,908.88 points (9:30 AM) pic.twitter.com/GWzKONlORp— Investify Pakistan (@investifypk) June 5, 2026
عالمی سطح پر جمعہ کے روز ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مندی دیکھی گئی، کیونکہ سرمایہ کاروں نے ٹیکنالوجی شیئرز میں منافع وصول کیا اور ہفتے کے اختتام سے قبل محتاط رویہ اختیار کیا۔
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور امریکا ایران امن مذاکرات کی غیر یقینی صورتحال نے بھی مارکیٹوں پر دباؤ ڈالا۔
لبنان میں ایران کے حمایت یافتہ حزب اللہ نے جنگ بندی کی نئی تجویز مسترد کر دی، جبکہ اسرائیل نے لبنان سے فوجیں نہ نکالنے کا اعلان کیا، جس سے خطے میں امن کوششوں کو دھچکا لگا۔
مزید پڑھیں: ایران امریکا معاہدے کی امید، ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں زبردست تیزی، تیل کی قیمتوں میں کمی
اسی دوران اے آئی سے متعلق تیزی بھی کمزور پڑ گئی جب چپ بنانے والی کمپنی براڈکام کے نتائج توقعات سے کم رہے۔
ان عوامل کے باعث ایم ایس سی آئی ایشیا پیسفک انڈیکس 1.6 فیصد گر گیا۔ جنوبی کوریا کا کوسپی 6 فیصد سے زائد جبکہ جاپان کا نکی 1.3 فیصد نیچے آیا۔
امریکی فیوچرز میں بھی کمی دیکھی گئی، جبکہ یورپی مارکیٹس میں ملا جلا رجحان رہا۔
خام تیل کی قیمتیں جمعہ کے روز زیادہ تبدیل نہیں ہوئیں، تاہم ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ متوقع ہے کیونکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث توانائی کی سپلائی کے بارے میں خدشات برقرار ہیں۔














