تاج چیمپیئن حسین انجم کی عالمی کامیابی، ملائیشیا سے تائیکوانڈو انسٹرکٹر کورس کامیابی سے مکمل کرلیا

پیر 8 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خبیب فاؤنڈیشن کے ایتھلیٹ اور تاج چیمپیئن حسین انجم نے ملائیشیا میں منعقدہ بین الاقوامی تائیکوانڈو انسٹرکٹر کورس کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد اس کامیابی کا جشن سردار گروپ آف کمپنیز کے ہیڈکوارٹرز میں منایا۔ اس موقع پر انہوں نے تاج ریذیڈینشیا کے سی ای او سردار عمر الیاس سے ملاقات کی۔

حسین انجم، جو سمپل کمپیٹ تائیکوانڈو رینکنگ میں اس وقت 77ویں نمبر پر ہیں، 2005 کے تباہ کن زلزلے میں یتیم ہو گئے تھے اور بعد ازاں خبیب فاؤنڈیشن کے زیر کفالت تعلیم اور تربیت حاصل کرتے رہے۔

ملائیشیا میں عالمی سطح کے تربیتی پروگرام میں شرکت

حسین انجم نے 27 سے 31 مئی 2026 تک کوالالمپورمیں ورلڈ تائیکوانڈو اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے 123ویں ماسٹر انسٹرکٹر کورس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

اس بین الاقوامی کورس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تائیکوانڈو کے کھلاڑیوں اور انسٹرکٹرز نے شرکت کی، جہاں انہیں عالمی شہرت یافتہ ماسٹرز اور کوچز کی نگرانی میں جدید تکنیکی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کیا گیا۔

جدید کوچنگ تکنیکوں کی تربیت

کورس کے دوران حسین انجم نے جدید تدریسی اور کوچنگ طریقہ کار سیکھے اور تائیکوانڈو کوچنگ اور ایتھلیٹ ڈویلپمنٹ کے بین الاقوامی معیار سے آگاہی حاصل کی۔

خبیب فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق حسین انجم کی یہ شرکت پاکستان میں تائیکوانڈو کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے کوچنگ کے معیار کو بہتر بنانے کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگی۔

ترجمان نے بتایا کہ حسین انجم اس وقت بھی اپنی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے بین الاقوامی ماسٹرز اور کوچز کے زیر نگرانی مزید تربیت حاصل کررہے ہیں۔

پاکستان کی نمائندگی اعزاز ہے، حسین انجم

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسین انجم نے اپنی بین الاقوامی شرکت کو ممکن بنانے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور خبیب فاؤنڈیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے اس باوقار عالمی تربیتی پروگرام میں شرکت ان کے لیے باعث فخر رہی۔

ان کے بقول اس پروگرام سے حاصل ہونے والا علم اور تجربہ پاکستان میں تائیکوانڈو کی ترقی اور آئندہ نسل کے کھلاڑیوں کی تربیت میں مددگار ثابت ہوگا۔

حسین انجم نے سردار گروپ آف کمپنیز اور تاج ریذیڈینشیا کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کیا اور ان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ادارہ مزید نوجوان پاکستانیوں کی بھی سرپرستی کرے گا۔

نوجوانوں میں سرمایہ کاری قومی خدمت ہے، سردار گروپ آف کمپنیز

اس موقع پر سردار گروپ آف کمپنیز کے اسسٹنٹ وائس پریزیڈنٹ فرہاد فرید نے بھی شرکت کی اور حسین انجم کی کامیابی کو سراہا۔

انہوں نے کہاکہ سردار گروپ آف کمپنیز اور تاج ریذیڈینشیا اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان کے نوجوانوں میں سرمایہ کاری کسی بھی ادارے کی سب سے بامعنی خدمات میں سے ایک ہے۔

ان کے مطابق حسین انجم کی محنت، نظم و ضبط اور بہترین کارکردگی کے لیے عزم ان اقدار کی عکاسی کرتا ہے جنہیں ادارہ فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ادارے کو اس بین الاقوامی پروگرام میں حسین انجم کی شرکت میں معاونت پر فخر ہے اور امید ہے کہ وہ مستقبل میں ملک بھر کے مزید نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گے۔

خبیب فاؤنڈیشن کا تعاون پر اظہار تشکر

خبیب فاؤنڈیشن کی انتظامیہ نے بھی سردار عمر الیاس کے تعاون اور سرپرستی کو سراہا، جن کی مالی معاونت کے باعث حسین انجم اس پروگرام میں شرکت کے قابل ہوئے۔

فاؤنڈیشن کے مطابق اس نوعیت کی شراکت داریاں باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے اور بین الاقوامی تجربات حاصل کرکے انہیں ملک کے فائدے کے لیے استعمال کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔

فاؤنڈیشن کے نمائندے کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ جب نجی شعبہ پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کرتا ہے تو غیر معمولی نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

طالبان رجیم کی ناعاقبت اندیشی: افغان لیبر مارکیٹ میں خواتین کا حصہ کم ہوکر صرف 5 فیصد رہ گیا

حکومت کا ایک ملین میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ، ٹی سی پی کو تیاریوں کی ہدایت

اداکارہ میرا کا گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد، ویڈیو وائرل، پولیس کا مؤقف بھی سامنے آگیا

بھارتی صحافی پروین ساہنی کی بالی ووڈ کی پروپیگنڈا فلموں پر کڑی تنقید، سال 2029 تک حالات بدلنے کی بھی پیشگوئی

عابد شیر علی نے دوسری شادی کرلی، دلہن کا تعلق کہاں سے ہے؟

ویڈیو

پاکستان میں خواتین معذوری کے ساتھ کن مسائل کا سامنا کرتی ہیں؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کو ’سفید جھنڈا لہرانے‘ کا مشورہ، ایرانی حکام کو ماہر کھلاڑی بھی قرار دے دیا

6 ماہ کے اندر نئے صوبے بنانے کا فیصلہ، کیا نئی آئینی ترمیم آرہی ہے؟

کالم / تجزیہ

سپمورن سنگھ کالرا سے گلزار تک

وزیر اعلیٰ اسلام آباد کا اقتدار کب ختم ہوگا؟

انتقال کے 29 برس بعد