جب سال 2026 کا فیفا ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں شروع ہوگا تو پاکستان ایک بار پھر دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ میں اپنی موجودگی کا احساس دلائے گا۔ اگرچہ پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم اب تک ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی لیکن اس مرتبہ بھی ٹورنامنٹ کے مرکز میں موجود گیند پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں تیار کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فٹبال ورلڈ کپ 2026: سائنسدان 8 برسوں سے کونسی غیر معمولی چیز تیار کر رہے ہیں؟
وی نیوز انگلش کی ایک رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل میچ بال ’ٹرائیونڈا‘ معروف اسپورٹس برانڈ ایڈیڈاس نے ڈیزائن کی ہے جبکہ اس کی تیاری سیالکوٹ میں کی گئی ہے۔
یہ پہلا فیفا ورلڈ کپ ہوگا جس کی میزبانی 3 ممالک مشترکہ طور پر کریں گے اور اس تاریخی ایونٹ میں بھی پاکستانی مہارت نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ 11 جون سے شروع ہونے والا یہ سب سے بڑا عالمی اسپورٹس مقابلہ 19 جولائی تک جاری رہے گا۔
سیالکوٹ دنیا بھر میں اعلیٰ معیار کے کھیلوں کے سامان کی تیاری کے لیے جانا جاتا ہے۔ گزشتہ 10 فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں سے 8 میں استعمال ہونے والی آفیشل فٹبالز سیالکوٹ میں تیار کی گئی تھیں جو عالمی اسپورٹس برانڈز کے پاکستانی کاریگروں اور صنعت پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
شہر کی فٹبال انڈسٹری روایتی ہاتھ سے سلی ہوئی گیندوں سے جدید تھرمو بانڈڈ ٹیکنالوجی تک کا سفر طے کر چکی ہے۔ سیالکوٹ کی معروف کمپنی فارورڈ اسپورٹس، جو ایڈیڈاس کی دیرینہ شراکت دار ہے، ہر سال 2 کروڑ سے زائد فٹبالز عالمی منڈیوں کے لیے تیار کرتی ہے۔
مزید پڑھیے: 2026 میں کھیلوں کے بڑے عالمی مقابلے، فٹبال ورلڈ کپ، ومبلڈن اور دیگر اہم ایونٹس
فارورڈ اسپورٹس اس سے قبل سنہ 2014 کے برازیل ورلڈ کپ، سال 2018 کے روس ورلڈ کپ اور سنہ 2022 کے قطر ورلڈ کپ کے لیے بھی فٹبالز تیار کر چکی ہے جس کے باعث سیالکوٹ عالمی فٹبال صنعت میں ایک مضبوط شناخت حاصل کر چکا ہے۔
سال2026 کے ورلڈ کپ کی آفیشل گیند ’ٹرائیونڈا‘ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ اس میں 4 پینلز پر مشتمل منفرد ڈیزائن، موشن سینسر اور کنیکٹڈ بال ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے جو ریفریوں کے فیصلوں اور سیمی آٹومیٹڈ آف سائیڈ سسٹم میں مدد فراہم کرے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی محض ایک صنعتی معاہدہ نہیں بلکہ پاکستان کی فنی مہارت، برآمدی صلاحیت اور عالمی کھیلوں کی صنعت میں اہمیت کی علامت ہے۔
مزید پڑھیں: فٹبال ورلڈ کپ کا دھماکے دار آغاز کب اور کن ٹیموں کے درمیان ہوگا؟ تاریخوں کا اعلان ہوگیا
سیالکوٹ کی اسپورٹس گڈز انڈسٹری ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کرتی ہے اور پاکستان کی برآمدات میں نمایاں حصہ ڈالتی ہے۔
اگرچہ پاکستان ابھی تک فٹبال کے میدان میں ورلڈ کپ تک رسائی حاصل نہیں کر سکا لیکن دنیا کے سب سے بڑے فٹبال مقابلے کی ہر میچ بال سیالکوٹ سے سفر شروع کر کے میدان تک پہنچتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:۔ اسلام آباد میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تقریبات کا آغاز، سیالکوٹ کی فٹبال نے میلہ لوٹ لیا
یہی وجہ ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی موجودگی ایک بار پھر نمایاں ہوگی اور دنیا کو یاد دلائے گی کہ عالمی فٹبال کے دل میں سیالکوٹ کی مہارت آج بھی دھڑک رہی ہے۔













