آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کا ایک Mi-17 ہیلی کاپٹر مظفرآباد کے قریب ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے۔ حادثے میں کسی بھی اہلکار کے زندہ بچنے کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ بھی پڑھیں:’پاکستان آرمی کسی ایک صوبے کی نہیں، شہدا کے لہو سے بنی پوری قوم کی فوج ‘
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثہ آج اس وقت پیش آیا جب آرمی ایوی ایشن کا Mi-17 ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے دوران ٹیک آف کر رہا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث کنٹرول برقرار نہ رہ سکا اور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔
ترجمان کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ریلیف ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، تاہم تمام اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیرستان: پاک آرمی اور خوارج کے درمیان فائرنگ، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 5 جوان شہید
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے جو تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گا۔
پاک فوج کے سربراہ (COAS) اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CDF) سمیت تمام رینکس نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔














